فیصل مسجد تجاوزات کیس میں قلفی فروش کی ضمانت منظور

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے قلفی فروش کو سزا دینے کا مجسٹریٹ کا فیصلہ معطل کردیا

ضمانت منظور ہونے والے قلفی بیچنے والے ریڑھی بان فرمان اللہ کی فائل فوٹو

اسلام آباد ہائی کورٹ نے فیصل مسجد پارکنگ میں قلفی بیچنے والے ریڑھی بان فرمان اللہ کی ضمانت منظور کرتے ہوئے رہا کرنے کا حکم دے دیا۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے جسٹس طارق محمود جہانگیری نے قلفی فروش کو سزا دینے کا مجسٹریٹ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے آئندہ سماعت پر فریقین سے جواب طلب کرلیا ۔

درخواست گزار کے وکیل نے دلائل دیے کہ بنیادی الزام لگایا گیا ہے کہ بغیر لائسنس کے ریڑھی لگائی گئی، ابھی تک کوئی چارج فریم نہیں ہوا، چالان جمع ہوا ہے، میرے موکل کو مجرم قرار دیا گیا جو کہ انہوں نے مانا کہ میں اپنے گھر کو چلانے کے لیے فیصل مسجد کی پارکنگ میں ریڑھی لگاتا ہوں، پورے شہر میں تجاوزات کون کررہے ہیں پورے شہر کو معلوم ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیا آپ کو معلوم ہے کون لوگ ہیں جو ایسا کرتے ہیں ؟ قانون کی بات کریں، کیوں کہ ابھی تک چارج فریم ہی نہیں ہوا، سزا معطل کرنے کے لئے چارج فریم کا ہونا ضروری ہے، اگر چارج فریم ہو تو ہی یہ عدالت شوکاز نوٹس جاری کرسکتی ہے۔

وکیل نے بتایا کہ درخواست گزار تاحال جیل میں ہے، درخواست گزار کو ٹرائل کورٹ سے کوئی ریلیف نہیں ملا، دلائل سننے کے بعد عدالت نے ملزم کی ضمانت منظور کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔

21 جولائی کو گزشتہ سماعت کا احوال


گزشتہ سماعت پر اسلام آباد ہائیکورٹ نے سی ڈی اے کے اسپیشل مجسٹریٹ کی جانب سے قلفی فروش ریڑھی بان کو تین ماہ قید اور پانچ لاکھ روپے جرمانے کی سزا کے حکم کے خلاف درخواست پر رجسٹرار آفس کاایک اعتراض دور کردیا تھا۔

اس سماعت میں جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ملزم کے وکیل سے کہا تھا آپ صرف قلفیاں بیچنے کا بتا رہے ہیں جبکہ ملزم پر بھتہ خوری کا بھی الزام ہے جس پر دہشت گردی کی دفعہ لگتی ہے۔

وکیل نے کہا قلفی کی ریڑھی لگانے پر سی ڈی اے اسپیشل مجسٹریٹ نے ظالمانہ فیصلہ کیا۔ ریڑھی لگانا کوئی جرم نہیں ہے۔

جسٹس طارق محمود جہانگیری نے ریمارکس دیے کہ جرم ہے، جرم کیوں نہیں ہے؟،آپکے گھر کے آگے کوئی ریڑھی لگا دے تو وہ جرم نہیں ہے؟

عدالت نے کہاکہ آپ صرف قلفی کا بتا رہے ہیں جبکہ پٹیشنر پر بھتہ خوری کا بھی الزام ہے۔بھتے پر دہشت گردی بھی لگتی ہے، یہ نہ ہو کہ پھر وہ بھی لگ جائے۔ تین ماہ کی سزا تو پھر بہت کم ہے زیادہ ہونی چاہئے۔

واضح رہے کہ فرمان اللہ اسلام آباد کی فیصل مسجد کے احاطے میں قلفی کی ریڑھی لگاتا تھا،سی ڈی اے نے اپنے چالان میں قلفی کی ریڑھی لگا کر سرکاری زمین پر قبضے کا الزام عائد کیا، اسپیشل مجسٹریٹ نے سی ڈی اے کا موقف تسلیم کرتے ہوئے فرمان اللہ کو تین ماہ قید با مشقت اور پانچ لاکھ روپے جرمانے سزا سنائی تھی۔
Load Next Story