روس سائبرسیکیورٹی کمپنی کے بانی کو جاسوسی کے الزام میں 14 سال قید
سائبر سیکیورٹی فرم گروپ آئی بی کے بانی الیا ساچکوف پر خفیہ معلومات غیرملکی جاسوسوں کو فراہم کرنے کا الزام تھا
روس کی معروف سائبر سیکیورٹی کمپنی کے بانی کو غداری کے الزام میں 14 سال قید کی سزا سنادی گئی۔
روس کی صف اول کی سائبر سیکیورٹی فرم گروپ آئی بی کے بانی الیا ساچکوف کو عدالت نے خفیہ معلومات غیرملکی جاسوسوں کو فراہم کرنے کے الزام میں 14 سال کے لیے جیل بھیج دیا۔
غیرملکی میڈیا میں شائع رپورٹس کے مطابق سائبر سیکیورٹی فرم کے بانی کے خلاف غداری کے مقدمے کی سماعت کے بعد عدالت نے فیصلہ دیتے ہوئے کہا کہ عدالت الیا ساچکوف کو روسی کریمینل کوڈ کی دفعہ 275 کے تحت غداری کا مجرم قرار دیتے ہوئے 14 سال قید کی سزا سناتی ہے۔
اس مقدمے کی محدود معلومات ہی جاری کی گئی ہیں کیونکہ روس میں غداری کے مقدمے کی کارروائی بند کمرے میں ہوتی ہے۔
روس میں حالیہ برسوں کے دوران متعدد افراد کو غداری کے الزامات کے تحت سزائیں سنائی گئی ہیں جن میں سائنس داں، فوجی، سرکاری حکام اور صحافی بھی شامل ہیں۔ اب اس فہرست میں ٹیکنالوجی کمپنی کے بانی الیا ساچکوف کا نام بھی شامل ہوگیا ہے۔
مقدمے کی کارروائی کے دوران الیا ساچکوف نے غیرملکی جاسوسوں کو خفیہ معلومات فراہم کرنے کے الزامات سے انکار کیا تھا۔ الیا ساچکوف کی کمپنی جسے اب اس کے دوست چلارہے ہیں نے عدالت کے فیصلے کے خلاف اپیل کرنے کا اعلان کیا ہے۔