دفترخارجہ کی بھارتی وزیر دفاع کے اشتعال انگیز ریمارکس کی شدیدمذمت

پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے، ترجمان دفترخارجہ


ویب ڈیسک July 26, 2023
فائل فوٹو

دفتر خارجہ نے بھارتی وزیردفاع کے لائن آف کنٹرول کو عبور کرنے کی تیاری سے متعلق بیان کی شدیدمذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف اپنے دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔

ترجمان دفترخارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی وزیر دفاع کا لائن آف کنٹرول کو عبور کرنے کی تیاری پر فخر کااظہار اشتعال انگیزہے، بھارت کی جنگجویانہ بیان بازی علاقائی امن اور استحکام کے لیے خطرہ ہے اور جنوبی ایشیا میں اسٹریٹجک ماحول کو غیر مستحکم کر رہی ہے۔

دفتر خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ بھارتی حکام انتخابی مفاد کے لیے پاکستان کو گھسیٹنے کا رواج ختم کریں، بھارت کے سیاسی رہنماؤں اور اعلیٰ فوجی افسران کی جانب سے غیر اخلاقی بیانات کو روکنا چاہیے۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ جموں و کشمیربین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ متنازعہ علاقہ ہے، سلامتی کونسل کی قراردادوں میں شرط رکھی گئی ہے کہ علاقے کا حتمی فیصلہ عوام کی مرضی کے مطابق کیا جائے گا اور کشمیرمیں اقوام متحدہ کی سرپرستی میں آزادانہ اور غیر جانبدارانہ رائے شماری کرائی جائے گی۔

دفتر خارجہ کی جانب سے مزید کہا گیا ہے کہ ہندوستان اقوام متحدہ کی ان قراردادوں کو دیانتداری سے نافذ کرے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں