عالمی اعزاز کے لیے مسلسل 150 گھنٹے ڈرم بجانے کا مظاہرہ

45 سالہ ایلی براؤن ماضی میں دو بار یہ ریکارڈ اپنے نام کر چکے ہیں

شمالی آئرلینڈ کے موسیقار نے 150 گھنٹے سے زائد کے دورانیے تک ڈرم بجا کر گینیز ورلڈ ریکارڈ دوبارہ حاصل کرنے کی کوشش کی ہے۔

بین الاقوامی ذرائع ابلاغ کے مطابق 45 سالہ ایلی براؤن نے طویل مدت تک ڈرم بجانے کی کوشش کا آغاز 16 جولائی کو کیا اور 150 گھنٹے عبور کرنے کا ہدف 22 جولائی کو پورا کیا۔

ایلی براؤن، جو ماضی میں دو بار یہ ریکارڈ اپنے نام کر چکے ہیں، نے یہ کوشش کینیڈین شہری اسٹیو گال کا 134 گھنٹے اور 5 منٹ کا ریکارڈ توڑنے کے لیے کی۔ اسٹیو گال نے یہ ریکارڈ 2015 میں بنایا تھا۔


ریکارڈ کی تصدیق کے لیے گینیز ورلڈ ریکارڈز کاموسیقار کی کوشش کا جائزہ لینا ابھی باقی ہے۔

ایلی براؤن نے ریکارڈ کی یہ کوشش اپنے ساتھی شیرون ڈِیگن کے نام کی ہے۔ شیرون جنوری 2021 میں پتے کے کینسر کے سبب انتقال کر گئے تھے۔

ریکارڈ بنانے کی اس کوشش سے اکٹھا ہونے والی رقم شمالی آئرلینڈ کے ایک پتے کے کینسر کی آگہی پھیلانے والے ادارے اور ذہنی صحت کے خیراتی ادارے کو عطیہ کی جائے گی۔
Load Next Story