ورلڈکپ پاک بھارت مقابلہ 1 دن پہلے ہونے کا امکان

 سیکیورٹی اداروں نے نوراتری پر ہائی وولٹیج میچ نہ کرانے کا مشورہ دے دیا


Sports Desk July 27, 2023
 سیکیورٹی اداروں نے نوراتری پر ہائی وولٹیج میچ نہ کرانے کا مشورہ دے دیا (فوٹو: گلوبل اتھلیٹ مینجمنٹ)

ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ کے ری شیڈول ہونے کا امکان بڑھ گیا، سیکیورٹی اداروں نے نوراتری کے موقع پر ہائی وولٹیج میچ نہ کرانے کا مشورہ دے دیا، مقابلہ 15 کے بجائے 14 اکتوبر کو ہونا ممکن ہے۔

تفصیلات کے مطابق رواں برس شیڈول ورلڈ کپ میں پاکستان اور بھارت کا ہائی وولٹیج میچ 15 اکتوبر کو احمد آباد میں کھیلا جانا ہے، اس کی تاریخ کو بھارتی تہوار نوراتری سے متصادم ہوگی جس میں گجرات بھر میں گربا نائٹس کا اہتمام کیا جاتا ہے۔

سیکیورٹی ادارے ان تقاریب کے محفوظ انعقاد میں مصروف ہوتے ہیں، اسی لیے انھوں نے میچ کو 15 کے بجائے 14 اکتوبر کو کرانے کا مشورہ دیا ہے،اس روز پہلے ہی ڈبل ہیڈر شیڈول ہیں، دہلی میں انگلینڈ وافغانستان کا ڈے میچ اور نیوزی لینڈ کا چنئی میں بنگلہ دیش سے ڈے نائٹ مقابلہ ہونا ہے، پورے ٹورنامنٹ میں کسی روز بھی 3 میچز شیڈول نہیں کیے گئے۔

مزید پڑھیں: پاک بھارت ورلڈکپ میچ کے اشتہار کی فیس فی 10سیکنڈز 30 لاکھ روپے

ایک دن پہلے میچ کے انعقاد سے پاکستان کو مشکلات کا سامنا بھی ہوسکتا ہے کیونکہ ٹیم 12 اکتوبر کو حیدرآباد دکن میں سری لنکا سے مقابلہ کریگی، یوں اس کے پاس ہائی وولٹیج میچ کیلیے صرف ایک دن کا وقفہ میسر ہوگا۔

جس میں اسے حیدرآباد سے احمد آباد کا سفر بھی کرنا ہے، دوسری جانب بھارت کے پاس 2 دن ہوں گے کیونکہ ٹیم کو 11اکتوبر کو دہلی میں افغانستان سے میچ کھیلنا ہے، اس بارے میں بی سی سی آئی کے ایک آفیشل نے نام ظاہر نہ کرنے کی شرط پر بتایا کہ ہم دستیاب آپشنز کا جائزہ لے رہے ہیں، جلد ہی اس حوالے سے فیصلہ کرینگے۔

مزید پڑھیں: ورلڈکپ؛ پاک بھارت مقابلے کی تاریخ تبدیل ہونے کا امکان، وجہ کیا ہے؟

ہمیں سیکیورٹی ایجنسیز نے کہا ہے کہ پاک بھارت میچ جیسے ہائی وولٹیج مقابلے کیلیے دنیا بھر سے شائقین احمدآباد کا رخ کرینگے ، اس دوران نوراتری کی تقاریب کا آغاز ہورہا ہوگا، سیکیورٹی اہلکار ان میں مصروف ہونگے، اس موقع پر ایسے مقابلے کے انعقاد سے بچنا چاہیے۔

یاد رہے کہ آئی سی سی کی جانب سے گذشتہ ماہ ورلڈ کپ کے شیڈول کا اعلان کیا گیا تھا، جس کے بعد اکتوبر کے وسط کیلیے احمد آباد میں بڑھے پیمانے پر ہوٹلز کی بکنگ ہوگئی تھی، گھروں میں مہمان بنائے جانے کا آپشن بھی تقریباً مکمل ہوچکا۔

مزید پڑھیں: ورلڈکپ پرومو؛ بابراعظم کو شامل نہ کرنے پر شعیب اختر مایوس

شائقین نے مہنگے داموں جہازوں کے ٹکٹ بھی بک کرالیے ہیں، اگر ایسے میں پاکستان اور بھارت کا میچ ری شیڈول ہوا تو پھر ان شائقین کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ادھر بی سی سی آئی کے سیکریٹری جے شاہ نے جمعرات کو میگا ایونٹ کے مقابلوں کی میزبان ایسوسی ایشنز کا خصوصی اجلاس طلب کرلیا جس میں سیکیورٹی کے حوالے سے صورتحال کا جائزہ لیا جائے گا، اس میں پاک بھارت میچ کی تاریخ تبدیل کرنے کا فیصلہ ہوسکتا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔