حکومت ساتھ دے تو عافیہ صدیقی کچھ دنوں میں پاکستان آجائے سینیٹر مشتاق احمد

عافیہ 20 سال سے سزا کاٹ رہی ہے، میرے پاس عافیہ کی بے گناہی کے ثبوت موجود ہیں، سینیٹر طلحہ محمود


ویب ڈیسک July 27, 2023
(فوٹو: فائل)

سینیٹر مشتاق احمد نے کہا ہے کہ حکومت ساتھ دے تو عافیہ صدیقی کچھ دنوں میں پاکستان آ جائیں گی۔

سینیٹ اجلاس میں توجہ دلاؤ نوٹس پر جماعت اسلامی کے سینیٹر مشتاق احمد نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ عافیہ صدیقی کی جیل میں حالت ٹھیک نہیں۔ مئی کے آخری ہفتے میں امریکا گیا اور فوزیہ صدیقی سے ملا۔ 7ہزار 425 دن ہو گئے عافیہ صدیقی امریکی جیل میں ہیں ، ان پر ظالم کیا جاتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ عافیہ کو جب ملاقات کے لیے لایا جاتا ہے تو زنجیروں میں جکڑ کر لایا جاتا ہے۔ عافیہ کے اوپر کے 4 دانت ٹوٹے ہوئے تھے۔ عافیہ کے بچوں کی تصویریں انہیں نہیں دیکھنے دی گئیں۔ وہ اپنے سب سے چھوٹے بیٹے سلمان کا بار بار پوچھ رہی تھیں۔ ہمیں خود بھی علم نہیں کہ وہ زندہ ہے یا نہیں۔

سینیٹر مشتاق احمد کا کہنا تھا کہ میں نے وزیراعظم اور وزیر خارجہ کو بھی خط لکھا ہے کہ آپ میرا ساتھ دیں تو قوم کی بیٹی کچھ دنوں میں واپس آجائے گی۔ عافیہ کا میڈیکل امریکا سے لے کر ان کو ریلیف دلایا جا سکتا ہے۔ 15 سال سے وہ جیل میں ہیں اور اذیت کا شکار ہیں۔

دوران اجلاس سینیٹر مشتاق احمد نے ڈاکٹر عافیہ صدیقی کا اسکارف ایوان میں لہراتے ہوئے کہا کہ قوم کی بیٹی کو واپس لا کر یہ دوپٹہ ان کے سر پر رکھا جائے۔ عافیہ صدیقی نے بتایا کہ جیل میں ان کے سامنے قرآن شریف کی بےحرمتی کی جاتی ہے۔ عافیہ صدیقی روز جیتی ہے روز مرتی ہے۔ حکومت عافیہ صدیقی کو واپس لائے، میں زندہ باد کا نعرہ لگاؤں گا۔

اجلاس میں وفاقی وزیر برائے مذہبی امور سینیٹر طلحہ محمود نے اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ امریکی حکومت نے عافیہ صدیقی سے ملاقات کا وقت دیا تھا پھر اچانک ملتوی کردی۔ سینیٹ کی جانب سے پاکستانی وزارت خارجہ اور امریکا کی حکومت کو خط لکھا جائے۔ میرے پاس عافیہ صدیقی کی بے گناہی کے ثبوت موجود ہیں۔ 20 سال سے عافیہ صدیقی سزا کاٹ رہی ہے۔ وزیراعظم بھی چاہتے ہیں کہ عافیہ صدیقی والا معاملہ جلد حل ہو جائے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔