ناردرن بائی پاس پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سبزی منڈی کا تاجر قتل

رواں سال ڈکیتی مزاحمت پر جاں بحق شہریوں کی تعداد 81 اور زخمیوں کی 500 ہوگئی


Staff Reporter July 27, 2023
فوٹو: ایکسپریس

 

گلشن معمار ناردرن بائی پاس ٹول پلازہ کے قریب ڈاکوؤں کی فائرنگ سے سبزی منڈی کا تاجر جاں بحق ہوگیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق گلشن معمارتھانے کےعلاقے ناردرن بائی پاس ٹول پلازہ کے قریب نامعلوم مسلح ملزمان نے سلوررنگ کی کرولا گاڑی رجسٹریشن نمبربی ٹی اے 737 پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوارشخص شدید زخمی ہوگیا جسے اس کا ساتھی تشویش ناک حالت میں عباسی شہید اسپتال لیکر پہنچا جہاں زخمی شخص دوران علاج چل بسا۔

مقتول کی شناخت 40 سالہ نعمان نصیرولد نصیر احمد کے نام سے کی گئی۔ مقتول نعمان نصیر نیو سبزی منڈی میں فروٹ کا تاجر تھا اور سپرہائی وے پرواقع برنس کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کا رہائشی اورپانچ بچوں کا باپ تھا۔

ایس ایس پی ویسٹ فیصل بشیرمیمن نے ایکسپریس کو بتایا کہ مقتول اپنے ساتھی کے ہمراہ ناردرن بائی پاس ٹول پلازہ کراس کر کے کچے کے راستے گلشن معمار جا رہا تھا کہ راستے میں 2 موٹرسائیکل سوار4 ملزمان نے ڈکیتی کی نیت ان کی گاڑی کو روکنے کی کوشش کی اورنہ رکنے پرفائرنگ کردی۔

فائرنگ کے نتیجے میں ایک گولی مقتول کے سینے پر لگی اور وہ شدید زخمی ہو گیا جبکہ مسلح ملزمان موقع پر سے فرار ہو گئے زخمی شخص کو فوری طور پر عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں وہ دوران علاج دم توڑگیا۔

ایس ایس پی کے مطابق فائرنگ کا واقعہ ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت کا شاخسانہ ہے اورپولیس مقتول کے ساتھ گاڑی میں موجود ساتھی کا بیان قلمبند کرنے کی کوشش کررہی ہے جس کے بعد مزید حقائق سامنے آجائیں گے تاہم واقعے کی تحقیقات جاری ہیں۔

واضح رہے کہ رواں سال ڈکیتی کی واردات کے دوران مزاحمت پرنامعلوم مسلح ملزمان کی فائرنگ سے جاں بحق ہونے والے شہریوں کی تعداد 81 ہو گئی ہے جبکہ زخمیوں کی تعداد 500 سے زائد تجاوز کرچکی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں