عالمی یہودی تنظیم نے بھارتی فلم پر پابندی کا مطالبہ کردیا

فلم میں "لاکھوں افراد کے منظم قتل عام" کو معمولی انداز میں پیش کیا گیا ہے؛ سائمن ویسنتھل سینٹر


ویب ڈیسک July 27, 2023
فوٹو : فائل

عالمی یہودی تنظیم نے بھارتی فلم بوال کو ایمازون پرائم سے ہٹانے کا مطالبہ کردیا۔

برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یہودیوں کے حقوق کی تنظیم ''سائمن ویسنتھل سینٹر'' نے ایمازون پرائم کو خط میں اسٹریمنگ سروس سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ بالی ووڈ فلم بوال کو ہولوکاسٹ کی "غیر حساس تصویر" دکھانے پر اپنے پلیٹ فارم سے ہٹائے۔

سائمن ویسنتھل سینٹر کا کہنا ہے کہ فلم میں "لاکھوں افراد کے منظم قتل عام" کو معمولی انداز میں پیش کیا گیا ہے۔ ایمازون پرائم فلم کو "مونیٹائز کرنا" بند کرے اور اسے فوری طور پر اپنے پلیٹ فارم سے ہٹا دے۔

فلم 'بوال' میں ہسڑی کے اسکول ٹیچر اجے (اجو بھائی) کا کردار اداکار ورون دھون اور ان کی بیوی نشا کا کردار اداکارہ جھانوی کپور نے ادا کیا ہے اور اس فلم کے ڈائریکٹر نتیش تیواری ہیں۔

مزید پڑھیں: جھانوی کپور اور ورون دھون کی فلم 'بوال' یہود مخالف قرار، شدید تنقید جاری

بوال کی کہانی ایک چھوٹے شہر میں تاریخ کے ٹیچر اجے ڈکشٹ اور اس کی بیوی نشا کے گرد گھومتی ہے، وہ دونوں جنگ عظیم دوئم کے علاقوں میں جانے کا سوچتے ہیں اور پولینڈ، نیدرلینڈز اور جرمنی جاتے ہیں۔

فلم کے کردار جرمنی کے مشہور نازی کیمپ میں جاتے ہیں جہاں وہ اپنے رشتے کی پیچیدگی اور مسائل کا ہولوکاسٹ سے موازنہ کرتے ہیں۔

فلم کے ایک منظر میں ہٹلر کو انسانی لالچ کو بیان کرنے کے لیے ایک استعارے کے طور پر استعمال کیا گیا ہے جس میں جھانوی کپور کہتی ہیں کہ"ہم سب ہٹلر کی طرح ہیں، کیا ہم نہیں ہیں؟

ایک موقع پر جھانوی کپور کہتی ہیں کہ ہر رشتہ اپنے آشوٹز (کیمپ) سے گزرتا ہے اور انہوں نے خانگی مسئلے کو ہولوکاسٹ کے برابر قرار دیا۔

خیال رہے کہ 'آشوٹز' نازی جرمنی کا سب سے بڑا کیمپ تھا جہاں ہولوکاسٹ کے دوران لاکھوں افراد کو قتل کیا گیا تھا۔

بوال ایمازون پرائم ویڈیو پر گزشتہ جمعہ کو ریلیز کی گئی تھی، اس فلم میں گیس چیمبر کے اندر ایک خیالی منظر شامل ہے اور اس میں نازی رہنما ایڈولف ہٹلر اور آشوٹز ڈیتھ کیمپ کو استعارے کے طور پر استعمال کیا گیا ہے۔

رومانوی کہانی پر مبنی فلم میں ہولوکاسٹ کو استعمال کرنے پر بہت سے لوگوں کی جانب سے تنقید کا نشانہ بنایا جارہا ہے تاہم فلم کی کاسٹ اور ڈائریکٹر نے اس تنقید کو غیر ضروری قرار دیا ہے۔

بالی ووڈ فلموں کی کارکردگی کو ٹریک کرنے والی ویب سائٹس نے بوال کو کمرشل ہٹ قرار دیا ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ اس نے پہلے ہی چھ سے سات ملین کے درمیان ویوز حاصل کیے ہیں اور جمعرات کو پرائم ویڈیو ایپ نے اسے "بھارت میں ٹاپ 10" کی فہرست میں پہلے نمبر پر دکھایا ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں