ورلڈکپ شائقین کرکٹ کیلئے ای ٹکٹس کی خریداری سے متعلق بڑا اعلان

ورلڈکپ میچز کیلئے کرکٹ فینز کو ای ٹکٹ کی سہولت دستیاب نہیں ہوگی


ویب ڈیسک July 28, 2023
ورلڈکپ میچز کیلئے کرکٹ فینز کو ای ٹکٹ کی سہولت دستیاب نہیں ہوگی (فوٹو: سوشل میڈیا)

بھارتی کرکٹ بورڈ (بی سی سی آئی) کے سیکریٹری جے شاہ نے ورلڈکپ میں ٹکٹوں کی خریداری سے متعلق بڑا بیان دیدیا۔

بھارتی میڈیا کی رپورٹس کے مطابق رواں برس بھارت میں شیڈول ورلڈکپ میچز کیلئے کرکٹ فینز کو ای ٹکٹ کی سہولت دستیاب نہیں ہوگی البتہ شائقین کو فزیکل ٹکٹس اپنے ہمراہ رکھنا ہوں گے۔

سیکریٹری بی سی سی آئی نے کہا کہ ای ٹکٹس کی آزمائشی شروعات پہلے باہمی سیریز کے دوران کی جائیں گی، احمد آباد اور لکھنؤ جیسے بڑی گنجائش والے اسٹیڈیمز کے لیے میگا ایونٹس کے دوران ای ٹکٹس ممکن نہیں۔

مزید پڑھیں: پاک بھارت ورلڈکپ میچ کے اشتہار کی فیس فی 10سیکنڈز 30 لاکھ روپے

جے شاہ نے مزید کہا کہ آئی سی سی کے ساتھ ملکر ورلڈکپ ٹکٹس کے حوالے سے جلد اعلان کریں گے جبکہ گراؤنڈ آنے والے فینز کے لیے صحت مندانہ ماحول اور واش رومز کی صفائی ستھرائی اولین ترجیح ہوگی۔

دوسری جانب ورلڈکپ میں پاک بھارت میچ کے ری شیڈول ہونے کا امکان بڑھ گیا، سیکیورٹی اداروں نے نوراتری کے موقع پر ہائی وولٹیج میچ نہ کرانے کا مشورہ دے دیا، مقابلہ 15 کے بجائے 14 اکتوبر کو ہونا ممکن ہے جبکہ وینیو کی تبدیلی پر بھی غور کیا جارہا ہے۔

مزید پڑھیں: ورلڈکپ؛ پاک بھارت مقابلہ 1 دن پہلے ہونے کا امکان

بورڈ کی جانب سے حتمی فیصلی ایک دو روز میں ہونے کا امکان ہے جبکہ وینیو کی تبدیلی سے شائقین کرکٹ کو بڑے پیمانے پر نقصان کا خدشہ ہے۔

واضح رہے کہ میگا ایونٹ کا آغاز 5 اکتوبر سے شروع ہوگا، پاکستان ورلڈکپ میں اپنے سفر کا آغاز 6 اکتوبر کو حیدر آباد میں نیدرلینڈز کے خلاف میچ سے کرے گا۔

مزید پڑھیں: پاک بھارت ورلڈکپ مقابلہ؛ بی سی سی آئی نے اہم اجلاس طلب کرلیا

شیڈول کے مطابق 12 اکتوبر کو پاکستان کا سامنا سری لنکا سے ہوگا جبکہ روایتی حریف پاکستان اور بھارت کے درمیان مقابلہ 15 اکتوبر کو احمد آباد کے نریندر مودی کرکٹ اسٹیڈیم میں ہوگا۔

پاکستان اور آسٹریلیا کے درمیان میچ 20 اکتوبر کو بنگلورو میں رکھا گیا ہے، 23 اکتوبر کو پاکستان اور افغانستان کی ٹیمیں چنائی میں آمنے سامنے ہوں گی۔ قومی ٹیم 27 اکتوبر کو جنوبی افریقہ جبکہ 31 اکتوبر کو بنگلہ دیش کے مدمقابل آئے گی۔

مزید پڑھیں: ورلڈکپ؛ پاک بھارت مقابلے کی تاریخ تبدیل ہونے کا امکان، وجہ کیا ہے؟

گرین شرٹس کا 5 نومبر کو بنگلورو میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کی ٹیموں کا جوڑ پڑے گا جبکہ 12 نومبر کو قومی ٹیم انگلینڈ کے خلاف کولکتہ میں میدان میں اُترے گی۔

ورلڈکپ کا پہلا سیمی فائنل ممبئی، دوسرا کولکتہ میں ہوگا، فائنل 19 نومبر کو احمد آباد نریندر مودی میں کھیلا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں