وزیراعظم متحدہ عرب امارات کے مختصردورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے

وزیراعظم نے یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات میں ان کے بھائی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا

فوٹو؛ ایکسپریس

وزیراعظم محمد شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے ایک روزہ دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے، وزیراعظم نے اماراتی صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات میں ان کے بھائی کے انتقال پر اظہار تعزیت کیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق وزیراعظم محمد شہباز شریف متحدہ عرب امارات کے ایک روزہ دورے کے بعد وطن واپس پہنچ گئے۔ دورے میں وزیراعظم نے یو اے ای کے صدر شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات میں ان کے بھائی شیخ سعید بن زاید النہیان کے انتقال پر پاکستانی قوم کی جانب سے شاہی خاندان کے ساتھ اظہار افسوس کیا۔

وزیراعظم نے اماراتی صدر سے تعزیت کرتے ہوئے کہا کہ آپ کے غم میں برابر کے شریک ہیں۔ وزیراعظم نے دعا کی کہ اللہ تعالی مرحوم کو اپنے جوار رحمت میں اعلی ترین مقام عطا فرمائے اور تمام اہل خانہ کو صبر جمیل دے۔


شیخ محمد بن زاید النہیان سے ملاقات میں وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان اور متحدہ عرب امارت کے مابین مشترکہ عقیدے اور بھائی چارے کی بنیاد پر مضبوط تعلقات قائم ہیں۔

صدرِ متحدہ عرب امارات نے ملاقات میں وزیراعظم محمد شہباز شریف کے دورے پر ان کا شکریہ ادا کیا اور پاکستان اور امارات کے مابین مضبوط سفارتی تعلقات کا بھی ذکر کیا۔

وزیراعظم جمعہ کی دوپہر خاص طور پر یو اے ای کے صدر سے ان کے بھائی کی وفات پر تعزیت کے لیے ابو ظبی پہنچے تھے۔ اس دورے میں وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار اور معاون خصوصی طارق فاطمی بھی وزیراعظم کے ہمراہ تھے۔

 
Load Next Story