بھارت میں گزشتہ پانچ برس کے دوران لاکھوں بچے لا پتا
2018 سے جون 2023 تک کل 2 لاکھ 75 ہزار125 بچے غائب ہوئے، جن میں 2 لاکھ 12 ہزار825 لڑکیاں ہیں
بھارت میں گزشتہ پانچ برس کے دوران لاکھوں بچے لا پتا ہونے کا انکشاف ہوا ہے۔
ہندوستان کی مرکزی خواتین اور بچوں کی ترقی کی وزیر اسمرتی ایرانی کی طرف سے لوک سبھا (پارلیمنٹ) میں پیش کردہ اعداد و شمار کے مطابق 2018 سے جون 2023 تک کل 2 لاکھ 75 ہزار125 بچے غائب ہوئے، جن میں 2 لاکھ 12 ہزار825 لڑکیاں ہیں۔
لوک سبھا میں دی گئی معلومات کے مطابق 2 لاکھ 40 ہزار 502 بچوں کو ڈھونڈ نکالا گیا، جن میں سے ایک لاکھ 73 ہزار786 لڑکیاں ہیں۔ اسمرتی ایرانی نے ایک تحریری جواب میں بتایا کہ مرکزی حکومت کی چائلڈ ہیلپ لائن لاپتا بچوں کی تلاش کے لیے ملک بھر میں کام کر رہی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ لاپتا بچوں کا سراغ لگانے کے لیے ایک ٹریک چائلڈ پورٹل بھی ہے جبکہ سب سے زیادہ بچے مدھیہ پردیش سے لاپتا ہوئے، مدھیہ پردیش میں لاپتہ بچوں کی تعداد 61 ہزار سے زیادہ ہے۔
وزیر اسمرتی ایرانی نے بتایا کہ لاپتا بچوں کے معاملے میں مغربی بنگال دوسرے نمبر پر ہے، اس ریاست کے 49 ہزار سے زیادہ بچے لاپتا ہیں۔ رپورٹ کے مطابق سب سے زیادہ بچے 7 ریاستوں مدھیہ پردیش، مغربی بنگال، اڈیشہ، کرناٹک، گجرات، دہلی اور چھتیس گڑھ میں لاپتا ہوتے ہیں۔
ان ریاستوں میں لاپتا بچوں کی کل تعداد 2 لاکھ 14 ہزار 664 ہے، یعنی کل لاپتا بچوں میں سے 78 فیصد ان 7 ریاستوں سے ہیں۔