نائجر حکومت کا تختہ الٹنے والے جنرل نے خود کو ملک کا سربراہ قرار دے دیا

جنرل عبدالرحمان چیانی نے یہ ذکر نہیں کیا کہ کب ملک میں انتخابات ہوں گے اور اقتدار سویلین لیڈر شپ کو منتقل کیا جائے گا


ویب ڈیسک July 28, 2023
فوٹو: انٹرنیٹ

افریقی ملک نائجر میں منتخب حکومت کا تختہ الٹنے والے جنرل عبدالرحمان چیانی نے خود کو عبوری حکومت کا سربراہ قرار دے دیا۔

دو روزقبل نائجر کے صدارتی گارڈز، جس کے سربراہ جنرل عبدالرحمان چیانی ہیں، نے بغاوت کرتے ہوئے منتخب صدر محمد بازوم کی حکومت کا تختہ الٹ دیا تھا۔

جنرل عبدالرحمان چیانی نے جمعے کے روز سرکاری ٹیلی ویژن پر خطاب کرتے ہوئے خود کو سربراہ مملکت قرار دیا اور کہا کہ اب وہ نیشنل کونسل فار دی سیف گارڈ آف دی ہوم لینڈ کے صدر ہیں۔

62 سالہ جنرل نے اپنے خطاب میں کہا کہ ملک بتدریج تباہی کی طرف بڑھ رہا تھا اور اس تباہی کا راستہ روکنے کے لیے حکومت کا تختہ الٹنا ضروری تھا۔

اپنے خطاب میں جنرل عبدالرحمان چیانی نے یہ ذکر نہیں کیا کہ کب ملک میں انتخابات ہوں گے اور اقتدار سویلین لیڈر شپ کو منتقل کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ نائجر کے معزول صدر محمد بازوم ہنوز زیرحراست ہیں۔

جنرل عبدالرحمان چیانی کے ترجمان نے سرکاری ٹیلی ویژن پر کہا کہ حکمران کونسل کے سربراہ جنرل عبدالرحمان چیانی مملکت کے سربراہ بھی ہیں۔

فوجی بغاوت کے بعد سے نائجر میں آئین معطل ہے، سرحدیں بند کردی گئی ہیں، ملک بھر میں کرفیو نافذ ہے اور تمام سرکاری ادارے بھی بند کردیے گئے ہیں۔

 

 

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔