ایئرپورٹ پرامریکی شہری کے سامان سے گولیاں برآمد

گرفتاری کے بعدمقدمہ درج کرلیا،آج عدالت میںپیش کرکے ریمانڈلیاجائیگا،پولیس


Staff Reporter May 06, 2014
جوئیل یوگیون کی بطور سفارتکار تعیناتی کاکوئی دستاویزی ثبوت پیش نہیں کیا گیا ۔ فوٹو؛ فائل

ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے امریکی قونصل خانہ میں تعینات امریکی شہری کو غیرقانونی طور پر پستول کی گولیاں اور میگزین رکھنے کے الزام میں گرفتار کرکے ایئرپورٹ تھانے میں مقدمہ درج کرادیا۔

تفصیلات کے مطابق ایئرپورٹ پولیس کی جانب سے درج کیے جانیوالے مقدمے کے مطابق امریکی شہری جوئیل یوگیون (Joel Eugune) قومی ایئرلائن کی پرواز کے ذریعے پیرکوکراچی جانے کیلیے ایئرپورٹ پہنچا تووہاں موجود ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس کے عملے نے معمول کی چیکنگ کی،اس دوران اس کے سامان سے 9 ایم ایم پسٹل کی 15 گولیاں اور میگزین برآمد کرلیا، ایئرپورٹ سیکیورٹی فورس نے امریکی شہری کو ایئرپورٹ پولیس کے حوالے کردیا جہاں اس کے خلاف اے ایس ایف کے افسر کی مدعیت میں مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔

ایئرپورٹ تھانے کے ایس ایچ او خالد محمود نے بتایا کہ ملزم امریکی شہری ہے اور اس سے ملنے کیلیے آنے والے امریکی قونصل خانے کے اہلکاروں کا کہنا ہے کہ وہ قونصل خانے کی سیکیورٹی کے شعبے سے وابستہ ہے تاہم انھوں نے کہا کہ قونصل خانے کی جانب سے ملزم کی بطور سفارتکار پاکستان میں تعیناتی کا کوئی دستاویزی ثبوت پیش نہیں کیا گیا ہے،ملزم کو منگل کو عدالت میں پیش کرکے اس کا جسمانی ریمانڈ حاصل کیا جائے گا، اس سلسلے میں رابطہ کرنے پر امریکی قونصل خانہ کے ترجمان اینڈریو آرم اسٹرونگ نے بتایا کہ وہ اس معاملے سے پوری طرح باخبر ہیں اور معاملے کیلیے پاکستانی حکام سے رابطے میں ہیں، انھوں نے کہا کہ وہ سیکیورٹی وجوہات کی بنا پر کسی بھی فرد کے بارے میں مزید کچھ نہیں کہنا چاہتے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں