بالی ووڈ میں عالیہ بھٹ اور رنویر کی ’پریم کہانی‘ کے چرچے

اس پریم کہانی پر عالیہ کے شوہر رنبیر کپور اور رنویر سنگھ کی اہلیہ دپیکا پڈوکون بھی کافی خوش ہیں

عالیہ اور رنویر کی فلم راکی اور رانی کی پریم کہانی نے آغاز میں ہی اچھا بزنس دیا؛ فوٹو: فائل

بالی ووڈ میں آج کل ہر جانب بس عالیہ بھٹ اور رنویر سنگھ کی پریم کہانی کے چرچے ہیں جس پر کرن جوہر بھی زیر لب مسکرا رہے ہیں جب کہ دونوں کی اس پریم کہانی پر عالیہ کے شوہر رنبیر کپور اور رنویر سنگھ کی اہلیہ اداکارہ دپیکا پڈوکون بھی کافی خوش ہیں۔

بھارتی فلم انڈسٹری میں بلاک بسٹر فلمیں دینے والے فلمساز اور ہدایت کار کرن جوہر ماضی کے مقبول ترین اداکار دھرمیندر سنگھ اور اپنے دور کی پُرکشش اور کامیابت ترین اداکارہ جیا بچن کو ایک بار پھر پردۂ اسکرین پر لانے میں کامیاب ہو گئے ہیں۔

یہ بات ہو رہی ہے فلم 'راکی اور رانی کی پریم کہانی' کی۔ فلم میں ہیرو اور ہیروئن کی کاسٹ کے لیے کرن جوہر کی نگاہ انتخاب نے عالیہ بھٹ اور رنویر سنگھ کو چُنا ہے۔

عالیہ اور رنویر کی کیمسٹری کی تعریف فلم میں موجود سینیئر اداکاروں سمیت ہدایت کار اور فلم ناقدین نے بھی کی اور عوام میں بھی اس جوڑی کو کافی پذیرائی مل رہی ہے۔




رومانوی کامیڈی فلم 'راکی اور رانی کی پریم کہانی' میں دھرمیندر اور جیہ بچن کے ساتھ ساتھ شبانہ اعظمیٰ بھی اپنی اداکاری کے جوہر دکھاتی نظر آئیں گی۔

فلم کی شوٹنگ ممبئی، نئی دہلی، روس اور جموں و کشمیر کی خوبصورت لوکیشنز میں کی گئی۔ فلم کی موسیقی پریتم نے ترتیب دی اور سینماٹوگرافی مانوش نندن نے سنبھالی ہے۔

فلم کو ایشیتا موئترا، ششانک کھیتان اور سمیت رائے نے لکھا جب کہ دھرما پروڈکشنز اور وائی کام 18 اسٹوڈیوز نے پروڈیوس کیا ہے۔ سیف علی خان کے بیٹے ابراہیم علی خان نے اس فلم میں بطور اسسٹنٹ ڈائریکٹر کام کیا۔

ہدایت کاری کرن جوہر کی 'راکی اور رانی کی پریم کہانی' 28 جولائی کو بھارت بھر میں ریلیز ہوئی۔ پہلے ہی دن باکس آفس پر 11.10 کروڑ روپے سمیٹے اور دوسرے روز فلم کی کمائی 16 کروڑ رہی۔

اس طرح ابتدائی دو دن میں اس فلم نے 27.15 کروڑ روپے کا بزنس کیا جب کہ ملک بھر کے 33.68 فیصد سینما گھروں میں فلم کی نمائش جاری ہے اور امید کی جا رہی ہے یہ فلم کیریئر میں مشکلات کے شکار رنویر سنگھ کو فلم انڈسٹری میں اچھا کم بیک دے گی۔
Load Next Story