ویسٹ انڈیز کی کمزور ٹیم سے شکست شائقین بھارتی کرکٹ ٹیم پر برس پڑے
بھارت اور ویسٹ انڈیز کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے سیریز کا دوسرا میچ بارباڈوس میں کھیلا گیا جس میں ویسٹ انڈیز نے بھارت کو 6 وکٹوں سے ہراکر تین ایک روزہ میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کردی۔
ویسٹ انڈیز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا تھا۔ بھارتی ٹیم کا آغاز اچھا رہا اور اوپنرز نے مشکل وکٹ پر 90 رنز کی شراکت داری کی لیکن اس کے بعد وکٹوں کی لائن لگ گئی اور پوری ٹیم 41 ویں اوور میں 181 رنز بنا کر آؤٹ ہو گئی۔
انڈیا کی جانب سے اوپنرز ایشان کشن نے 55 رنز اور شبمن گل نے 34 رنز بنائے۔ پانچویں نمبر پر آنے والے سوریہ کمار یادیو نے 24 رنز بناسکے اسکے علاوہ کوئی بھی بھارتی بلے باز 20 کا ہندسہ عبور نہ کر سکا۔ ویسٹ انڈیز کے روماریو شیفرڈ اور گوڈاکیش موتی نے تین تین وکٹیں حاصل کیں۔
ویسٹ انڈیز نے مطلوبہ ہدف چار وکٹوں کے نقصان پر 36.4 اوور میں حاصل کرلیا۔ ویسٹ انڈیز کے شائی ہوپ نے ناقابلِ شکست 63 رنز بنائے جبکہ کارٹی نے ناقابل شکست 48 رنز بنائے۔ بھارت کی جانب سے شاردل ٹھاکر نے تین اور کلدیپ یادو نے ایک وکٹ حاصل کی۔
کچھ شائقین اس بات پر مایوس ہیں کہ بھارت ایک ایسی ٹیم سے شکست کھا گیا جو ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائی ہی نہیں کر سکی۔ مڈل آرڈر کی ناکامی پر بھارتی شائقین شدید نالاں دکھائی دے رہے ہیں۔
اس سے قبل بھارت میں ویسٹ انڈیز کیساتھ سیریز کھیلنے کے معاملے پر بھی سوال اٹھائے جارہے تھے کہ آخر ہم اتنی کمزور ٹیم سے سیریز کیوں کھیل رہے ہیں؟۔
واضح رہے کہ پہلے ایک روزہ میچ میں آسان جیت کے بعد دوسرے میچ میں ویرات کوہلی اور کپتان روہت شرما کو آرام دیا گیا تھا جس پر شائقین یہ کہتے دکھائی دے رہے ہیں کہ کوہلی اور روہت کے بغیر بھارتی بیٹنگ لائن 114 رنز بھی چیز نہیں کرسکتی۔
Rohit Sharma and Virat Kohli right now 😅
یہ سوال بھی اٹھایا جارہا ہے کہ بھارت کی ٹیم کہیں ویرات کوہلی اور روہت شرما پر بہت زیادہ انحصار تو نہیں کررہی؟
ایک صارف کا کہنا تھا کہ ویسٹ انڈیز نے بھارت کو دوسرے او ڈی آئی میں شکست دیدی۔ وہ ٹیم جو ورلڈ کپ میں بھی نہیں ہے، ناقابل یقین!۔