ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی پاکستان ٹیم کل بھارت روانہ ہوگی
چیمپیئنز ٹرافی تین اگست سے بھارت کے شہر چنائی میں کھیلی جا رہی ہے
بھارت میں ہونے والی ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی کے لیے قومی ٹیم کا تربیتی کیمپ ختم ہوگیا، عمر بھٹہ کی قیادت میں ٹیم کل صبح واہگہ بارڈرز کے راستے براستہ امرتسر چنائی روانہ ہوگی۔
ہیڈکوچ شہناز شیخ کو تاحال بھارتی ویزا جاری نہیں ہوسکا، ایشین ہاکی چیمپیئنز ٹرافی تین اگست سے بھارت کے شہر چنائی میں کھیلی جا رہی ہے، اس میں چھ ٹیمیں کوریا، جاپان، چین، ملائیشیا، پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں شریک ہیں۔
لاہور میں چھ ہفتوں کے کیمپ میں پاکستانی ٹیم نے بھی اس ایونٹ کے لیے بھرپور تیاری کی ہے۔ کوچز ریحان بٹ اور محمد ثقلین کو یقین ہے کہ لڑکے اچھی پرفارمنس دیں گے۔
مزید پڑھیں: ایشین ہاکی چیمپیئنر ٹرافی؛ تمام ٹیمیں ایونٹ میں شرکت کریں گی، فیڈریشن
ٹیم مینیجر عمر صابر کہتے ہیں کہ کھلاڑی کسی بھی ملک کے ایمبیسیڈر ہوتے ہیں، ہم نے اپنے کھلاڑیوں کو اچھے طریقے سے یہ سمجھا بھی دیا ہے۔
مزید پڑھیں: حکومت نے قومی ہاکی ٹیم کو بھارت جانے کی اجازت دے دی
ایشین چیمپیئنز ٹرافی ہاکی ٹورنامنٹ کے اب تک چھ ایونٹ ہوچکے ہیں، پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں تین تین مرتبہ چیمپیئن کا تاج اپنے سر سجا چکی ہیں، 2000 کے ٹورنامنٹ میں پاکستان اور بھارت کی ٹیموں کو مشترکہ چیمپیئن قرار دیا گیا تھا۔ کوریا کی ٹیم اس بار دفاعی چیمپیئن ہے۔