لاہورجنرل اسپتال سے اغوا ہونے والا بچہ داتا دربار سے مل گیا
پولیس کی بھرپور پیشرفت کے بعد نامعلوم خاتون بچے کو داتا دربار چھوڑ کر فرار ہوگئی
جنرل اسپتال سے اغوا ہونے والا چار سالہ بچہ احمد داتا دربار سے مل گیا، نامعلوم اغواکار خاتون بچے کو داتا دربار چھوڑ کر فرار ہو گئی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق جنرل اسپتال سے اپنی نانی کے ساتھ آیا چار سالہ بچہ احمد اغوا ہوگیا تھا، پو لیس کے مطابق بچے کو نامعلوم خاتون کے ساتھ جاتے ہوئے دیکھا گیا تھا۔
احمد نامی بچے کے اغوا کا مقدمہ اس کے والد کی مدعیت میں نامعلوم خاتون کے خلاف درج کرلیا گیا تھا۔
اندراج مقدمہ کے بعد پولیس نے بھرپور انداز میں بچے کی بازیابی کے لیے کوششیں شروع کردیں اور اس سلسلے میں میڈیا ، سوشل میڈیا سے مدد لینے سمیت تمام وسائل بروئے کار لائے گئے۔
پولیس کی بھرپورپیشرفت کے بعد نامعلوم خاتون بچے کو داتا دربار پر چھوڑ کر فرار ہوگئی، جس کے بعد داتا دربار محکمہ اوقاف کی ٹیم نے لاوارث بچے کو چائلڈ پروٹیکشن بیورو کے حوالے کر دیا۔
بعدازاں ایس ایچ او کوٹ لکھپت نے بچے کو والدین کے سپرد کیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ نامعلوم ملزمہ کی تلاش کیلیے پولیس ٹیم سی سی ٹی وی کیمروں سے شناخت عمل میں لارہی ہے۔