کے پی حکومت سیاست میں ملوث نگران وزرا کو برطرف کرے الیکشن کمیشن
کچھ وزرا، مشیران اور معاونین خصوصی سمیت دیگر کا رویہ الیکشن ایکٹ 2017ء کے منافی ہے، الیکشن کمیشن کا کے پی حکومت کو خط
الیکشن کمیشن آف پاکستان نے خیبر پختون خوا حکومت سے سیاست میں ملوث نگران وزرا کو ہٹانے کی درخواست کردی۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق سیکرٹری الیکشن نے نگران وزیر اعلی کے پی کو خط لکھ دیا جس میں نگران وزرا، مشیران اور معاونین خصوصی کی صوبے کے سیاسی امور میں مداخلت کا نوٹس لیا گیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ کمیشن کے نوٹس میں آیا ہے کہ نگران کابینہ سیاسی وابستگیوں کی بنیاد پر تقرر کی گئی جس کی مثال سابق نگران وزیر شاہد خٹک کا کیس ہے، اس کے علاوہ اور بھی وزرا نے میڈیا نے اپنی پارٹی وابستگی تسلیم کی، شاہد خٹک نے اپنے عہدے سے استعفی دے دیا ہے۔
خط میں کہا گیا ہے کہ کچھ وزرا مشیران، معاونین خصوصی سمیت دیگر کا رویہ الیکشن ایکٹ 2017ء کے منافی ہے، الیکشن کمیشن درخواست کرتا ہے کہ ایسے وزرا و مشیران اور معاونین خصوصی کو ان کے عہدوں سے ہٹادیا جائےتاکہ آنے والے انتخابات کے صاف و شفاف انتخابات کو یقینی بنایا جاسکے۔
خط میں الیکشن کمیشن نے سیاست میں ملوث نگران وزرا کو ہٹانے کی درخواست کی ہے۔