کراچی کے مختلف علاقوں میں فائرنگ سے پولیس اہلکار سمیت 4 افراد جاں بحق 5 زخمی
شہر کے مختلف علاقوں میں فائرنگ اور کریکر حملے میں پولیس اہلکار سمیت 4 افراد جاں بحق جب کہ 5 زخمی ہوگئے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق دہشت گردی کا پہلا واقعہ نارتھ کراچی کے علاقے سرجانی ٹاؤن میں بابا موڑ کے قریب پیش آیا جہاں سیکیورٹی پر ما مور پولیس موبائل پر بم حملہ کیا گیا جس کے نتیجے میں فاروق نامی اے ایس آئی شدید زخمی ہوگیا جب کہ پولیس موبائل کو بھی شدید نقصان پہنچا۔ پولیس کے مطابق حملے کے وقت اے ایس آئی سمیت 4 پولیس اہلکار علاقے کی سیکیورٹی کے فرائض سرانجام دے رہے تھے، دھماکا پلانٹڈ ڈیوائس کے ذریعے کیا گیا۔
گلش اقبال 13 ڈی کے علاقے وسیم باغ کے قریب موٹر سائیکل پر سوار نامعلوم مسلح افراد نے ایک کار پر اندھا دھند فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں 2 افراد شدید زخمی ہو گئے، زخمی ہونے والے دونوں افراد کو اسپتال منتقل کیا جا رہا تھا کہ وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔پولیس کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر فائرنگ کا واقعہ ٹارگٹ کلنگ کا شاخسانہ نظرآتا ہے تاہم مکمل تحقیقات کے بعد ہی اصل وجوہات کا تعین کیا جا سکتا ہے۔
پاک کالونی میں نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جبکہ پولیس اہلکار زخمی ہوگیا، پولیس کے مطابق جاں بحق ہونےوالے شخص کی شناخت عبدالعزیز کے نام سے ہوئی جبکہ زخمی اہلکار کا نام بلال بخش ہے اور دونوں بھائی ہیں, کورنگی میں نامعلوم ملزمان نے پولیس موبائل پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سب انسپکٹر جاں بحق جبکہ 2 اہلکار زخمی ہوگئے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ موبائل کو اسنیپ چیکنگ کے دوران فائرنگ کا نشانہ بنایا گیا، جاں بحق سب انسپکٹر صدرالدین کورنگی تھانے میں تعینات تھے جبکہ 2 زخمی اہلکاروں کو طبی امداد کے لیے قریبی اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
دوسری جانب سخی حسن چورنگی کے قریب ڈکیتی مزاحمت پر ڈاکوؤں کی فائرنگ سے 3 افراد زخمی ہوگئے۔ سخی حسن کےقریب گاڑی میں سوار تین افراد بینک سے رقم لے کر نکلے تو دو ڈاکوؤں نے ان کا تعاقب کیا اور انہیں لوٹنے کی کوشش کی تاہم گاڑی میں سوار سیکیورٹی گارڈ کی جانب سے مزاحمت کی گئی تو ڈاکوؤں نے ان پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں سکیورٹی گارڈ سمیت 3 افراد زخمی ہوگئے۔