عمران خان کی فضول باتوں کا جواب دینا مناسب نہیں سمجھتا سابق چیف جسٹس

عدلیہ اور فوج دو اہم ادارے ہیں اور کسی کو بھی ان دونوں اداروں متعلق بات نہیں کرنی چاہئے،افتخارمحمد چوہدری

ملک میں جمہوریت کی مضبوط بنیاد رکھ دی گئی ہے اب اسے کوئی خطرہ نہیں۔ افتخار چوہدری۔ فوٹو: فائل

ISLAMABAD:
سابق چیف جسٹس آف پاکستان افتخار محمد چوہدری نے کہا ہے کہ سپریم کورٹ کا انتخابات سے کوئی واسطہ نہیں ہوتا اور وہ عمران خان کی فضول باتوں کا جواب دینا مناسب نہیں سمجھتے ہیں۔


اسلام آباد بار ایسوسی ایشن کی تقریب میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے سابق چیف جسٹس آف پاکستان کا کہنا تھا کہ عدلیہ اور دفاع دو اہم ادارے ہیں، آئین میں دونوں کا کردار واضح ہے، کسی کو بھی عدلیہ اور فوج سے متعلق بات نہیں کرنی چاہئے۔ عدلیہ کی کوشش ہے کہ ملک میں انصاف کا بول بالا ہو۔ انہوں نے کہا کہ عدلیہ پہلے بھی انصاف کے لیے کام کرتی رہی ہے اور آئندہ بھی یہ سلسلہ برقرار رہے گا اور انہیں یقین ہے کہ اداروں میں تصادم نہیں ہوگا۔

سابق چیف جسٹس نے کہا کہ عدلیہ ملک کا اہم ستون ہے، عدلیہ سے وابستہ لوگوں کا کام ملک میں احتساب کا نظام قائم کرنا ہے، ملک میں جمہوریت کی مضبوط بنیاد رکھ دی گئی ہے اب اسے کوئی خطرہ نہیں۔ انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ کا انتخابات سے کوئی واسطہ نہیں ہوتا اور ریٹرننگ افسروں کی تعیناتی الیکشن کمیشن کا کام ہے، وہ عمران خان کے الزامات کو درست نہیں مانتے ہیں اور نہ ہی فضول باتوں کا جواب دینا مناسب سمجھتے ہیں۔
Load Next Story