حکومت نے دس نیب عدالتیں باضابطہ طور پر بند کردیں
نوٹی فکیشن جاری، اسلام آباد کی تین، راولپنڈی کی دو، ملتان کی دو اور کوئٹہ کی تین نیب عدالتیں ختم کی گئی ہیں
حکومت کی جانب سے نیب ترامیم کے فیصلے کے تحت ملک بھر میں قائم نیب عدالتوں میں سے 10 نیب کورٹس بند کردی گئیں۔
وزارت قانون نے نئے نیب قوانین کے تحت بڑا فیصلہ کرتے ہوئے 10 نیب عدالتیں باضابطہ طور پر ختم کرنے کا نوٹی فکیشن جاری کردیا جس کے بعد اسلام آباد کی تین، راولپنڈی کی دو، ملتان کی دو اور کوئٹہ کی تین نیب عدالتیں ختم کردی گئیں۔
یہ پڑھیں : نیب لوگوں کو سیاسی انتقام کا نشانہ بناتی رہی، وزیراعظم
اس نوٹی فکیشن کے بعد اب راولپنڈی میں ایک، اسلام آباد میں دو، ملتان اور کوئٹہ میں ایک ایک نیب عدالت رہ گئی ہیں۔ اسلام آباد میں قائم کی گئی عدالت نمبر چار، پانچ اور چھ جب کہ راولپنڈی کی عدالت نمبر دو اور تین ختم کی گئی ہیں۔
اسلام آباد کی نیب عدالت چار بینکنگ عدالت 2، نیب عدالت پانچ اسپیشل کورٹ سینٹرل ٹو بن گئیں، اسلام آباد کی نیب عدالت چھ پراپرٹی ٹربیونل، راولپنڈی کی نیب عدالت دو بینکنگ کورٹ عدالت نمبر تین حافظ آباد بن گئی، نیب عدالت دو ملتان بینک عدالت دو بن گئی، نیب عدالت تین بینک عدالت وہاڑی ہوگی،
نیب عدالت تین کوئٹہ بنکنگ کورٹ بن گئی، نیب عدالت چار کو بینک عدالت پانچ پراپرٹی ٹربیونل بنادیا گیا۔