بھارتی چاول پر پابندی کے بعد پاکستانی نان باسمتی کی مانگ میں ریکارڈ اضافہ

پاکستان سے رواں سال کے دوران 3ارب ڈالر سے زائد مالیت کے چاول کی برآمدات ہوسکیں گی، چیئرمین رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن

فوٹو: فائل

بھارت کی جانب سے نان باسمتی چاول کی برآمدات پر پابندی عائد کیے جانے کے بعد عالمی مارکیٹ میں پاکستانی چاول کی مانگ میں ریکارڈ اضافہ ہوگیا ہے۔

چیئرمین رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن آف پاکستان چیلا رام نے بتایا کہ پاکستانی نان باسمتی چاول کے نرخ میں تقریباً 100ڈالر فی ٹن کا اضافہ ہوا ہے۔ بھارتی چاول پر پابندی سے قبل عالمی مارکیٹ میں پاکستانی نان باسمتی کے نرخ 450 ڈالر تھے جو اب 50ڈالر کے اضافے سے 500 ڈالر تک پہنچ گئی ہیں۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستانی نان باسمتی چاول کی عالمی قیمت اپنے بلند معیار کی وجہ سے 600 ڈالر تک پہنچ جائے گی۔ رواں سال تھائی لینڈ اور ویت نام کے چاول کی قیمت بھی 600 ڈالر فی ٹن سے زائد ہو چکی ہے۔


پاکستان سے رواں سال کے لیے 4.5 ملین ٹن نان باسمتی اور 1ملین ٹن باسمتی چاولوں کی برآمدات کا ہدف مقرر ہے۔ گزشتہ سال سیلاب کی تباہ کاریوں کے باعث فصل متاثر ہونے سے پاکستان نے 2.1ارب ڈالر مالیت کی 3.7ملین ٹن نان باسمتی چاول کی برآمدات کی تھیں۔

یہاں یہ امر قابل ذکر ہے کہ رواں سال روس بھی 5سالہ وقفے کے بعد پاکستان سے چاول کی خریداری کرے گا اور روس کی 27 کمپنیاں پاکستان سے نان باسمتی چاول کی خریداری کے معاہدے کریں گی۔ اسی طرح میکسیکو سے بھی پاکستانی چاول کی خریداری کی بات چیت جاری ہے۔

چیئرمین رائس ایکسپورٹرز ایسوسی ایشن کے مطابق پاکستان رواں سال کے دوران 3ارب ڈالر سے زائد مالیت کے چاول برآمد کرسکے گا۔
Load Next Story