آئندہ ماہ انسداد پولیو مہم میں امام کعبہ بھی شرکت کریں گے وزیر مملکت برائے صحت

گزشتہ روز عالمی ادارہ صحت نے پولیو کے پھیلاؤ کی وجہ سے پاکستانیوں پر بین الاقوامی سفری پابندیاں عائد کردی تھیں

پولیو کے قطرے پلانے کے حوالے سے علما ئے کرام کو بھی اعتماد میں لیا جا رہا ہے، سائرہ افضل تارڑ فوٹو:فائل

وزیر مملکت برائے صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہےکہ اگلے ماہ ملک سے پولیو کے خاتمے کے لیے ایک خصوصی مہم شروع کی جا رہی ہے جس میں امام کعبہ بھی شرکت کریں گے۔

قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر مملکت برائے صحت سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ عالمی ادارہ صحت نے پاکستانی شہریوں پر لازم کردیا ہے کہ وہ بیرون ملک سفر سے پہلے انسداد پولیو کی ویکسین لیں جب کہ سفر کے لئے ان کے پاس انسداد پولیو ویکسین پینے کا سرٹیفیکیٹ بھی ہونا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ آئندہ مہینے امام کعبہ پاکستان کا دورہ کر رہے ہیں اور اس دورے کے دوران وہ انسداد پولیو مہم میں خصوصی طور پر حصہ لیں گے۔


سائرہ افضل تارڑ کا کہنا تھا کہ پولیو کے پھیلاؤ میں مذہب کا عنصر رکاوٹ نہیں بلکہ متاثرہ علاقوں امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث 5 سال سے کم عمر کے بچوں تک پولیو ٹیموں کی عدم رسائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختون خوا میں تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے پولیو کے خلاف بہتراقدامات کیے ہیں تاہم اب اس مقصد کے لیے علما کو بھی اعتماد میں لیا جا رہا ہے۔

گزشتہ روز عالمی ادارہ صحت کی جانب سے پولیو کے پھیلاؤ کی وجہ سے پاکستانیوں پر بین الاقوامی سفری پابندیاں عائد کردی گئی تھیں، عالمی ادارہ صحت کے ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر بروس ایلوارڈ کا کہنا تھا کہ پاکستان میں گزشتہ برس افغانستان اور نائیجیریا سے بھی زیادہ پولیو کے کیسز ریکارڈ کئے گئے ہیں۔ اس لئے مرض کو دنیا کے دیگر ملکوں میں دوبارہ پھیلنے سے روکنے کے لئے یہ ضروری ہوگیا ہے کہ پاکستانی شہریوں پر بیرون ملک سفر پر پابندیاں عائد کردی جائیں۔

واضح رہے کہ پاکستان میں پولیو کیسوں کی تعداد میں رواں سال اب تک 600 فیصد اضافہ ہوا ہے، 2013 میں اپریل تک پاکستان میں پولیو کے8 کیس سامنے آئے تھے جب کہ اس سال 56 کیس منظرِعام پر آچکے ہیں۔
Load Next Story