ریڑھ کی ہڈی میں فریکچر کے باعث میڈیکل بورڈ کا پرویز مشرف کو بیرون ملک علاج کا مشورہ

پرویز مشرف کی ریڑھ کی ہڈی میں فریکچر ہے جو اب شدت اختیار کرسکتا ہے،میڈیکل بورڈ کی رپورٹ


ویب ڈیسک May 06, 2014
سرجری کیلئے ٹیکنالوجی اورمہارت پاکستان میں دستیاب نہیں،میڈیکل بورڈ۔ فوٹو: فائل

سابق صدر پرویز مشرف کے لیے تشکیل دیئے گئے میڈیکل بورڈ نے ان کی ریڑھ کی ہڈی میں تکلیف کی نشاندہی کرتے ہوئے سابق صدر کو فوری طور پر بیرون ملک سرجری کرانے کا مشورہ دے دیا۔

ایکسپریس نیو زکے مطابق کراچی میں مقیم سابق صدر پرویز مشرف کی صحت کے حوالے سے تشکیل دی گئی ملکی وغیر ملکی ڈاکٹروں کی 5 رکنی ٹیم نے 4 مئی کو کراچی میں سابق صدر کا طبی معائنہ کیا تھا جس کے بعد میڈیکل بورڈ نے پرویزمشرف کی رپورٹ جاری کردی ہے جبکہ چار بڑے سرجنز نے رپورٹ کی تصدیق بھی کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق سابق صدر کی ریڑھ کی ہڈی میں فریکچر ہے اور اس کے لیے انہیں فوری طور پر بیرون ملک سے سرجری کرانے کا مشورہ دیا گیا ہے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ دوسال قبل دبئی میں پرویزمشرف کی ریڑھ کی ہڈی میں تکلیف شروع ہوئی جو اب شدت اختیار کرگئی ہے۔

رپورٹ کے مطابق سابق صدر کی ریڑھ کی ہڈی میں فریکچرکی وجہ سے شدید مشکلات پیدا ہوسکتی ہیں، اس لئے انہیں فوری طورپرسرجری کی ضرورت ہے۔ میڈیکل بورڈ کا کہنا ہےکہ اس سرجری کیلئے ٹیکنالوجی اورمہارت پاکستان میں دستیاب نہیں، اس لئے دبئی، شمالی امریکا یا یورپ سے سرجری کرائی جائے۔

دوسری جانب سندھ ہائیکورٹ میں ایگزٹ کنٹرول لسٹ (ای سی ایل) سے نام نکالنے کے کیس میں سابق صدر پرویز مشرف نے اپنے وکیل بیرسٹر فروغ نسیم کی توسط سے حکومت کے جواب میں جواب داخل کردیا جس کے مطابق ان کے خلاف غداری سمیت تمام مقدمات سیاسی بنیادوں پر قائم کئے گئے ہیں۔

بیرسٹر فروغ نسیم کے مطابق جواب الجواب میں کہا ہے کہ پرویز مشرف کے 3 نومبرکے ایمرجنسی کے اقدام پر باقاعدہ اسمبلی سے قرارداد منظور کی گئی تھی۔ 7 نومبر کو قومی اسمبلی کے 44 ویں سیشن میں باقاعدہ ایوان نے اسے منظور کیا۔ جواب میں یہ بھی کہا گیا کہ سپریم کورٹ نے ای سی ایل میں نام شامل کرنے سے متعلق 8 اپریل کے فیصلے کی توسیع نہیں کی لہذا اب قانونی طور پر اس فیصلے کا وجود نہیں ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں