ٹوبہ ٹیک سنگھ میں گھریلو ملازمہ پر تشدد سر کے بال مونڈھ دیے
مالکان نے کمسن بچی کو گلدان ٹوٹنے پر تشدد کا نشانہ بنایا، چئیرپرسن چائلڈ پروٹیکشن
چئیرپرسن چائلڈ پروٹیکشن بیورو سارہ احمد نے ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کمسن گھریلو ملازمہ پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے فیصل آباد بیورو کی ٹیم کو متاثرہ بچی اور اس کے لواحقین سے رابطہ کی ہدایت کردی۔
تفصیلات کے مطابق چیئرپرسن سارہ احمد نے بتایا کہ ٹوبہ ٹیک سنگھ میں کمسن گھریلو ملازمہ پر مبینہ تشدد کا واقعہ سامنے آیا ہے، مالکان نے کمسن بچی کو گلدان ٹوٹنے پر تشدد کا نشانہ بنایا۔
سارہ احمد نے بتایا کہ مالکان نے بچی پر تشدد کے بعد سر کے بال مونڈھ دیے، پولیس نے ایف آئی آر درج کرنے کے بعد تشدد کا نشانہ بنانے والے مالکان کو گرفتار کر لیا، تشدد کا شکار کمسن گھریلو ملازمہ کو تحفظ فراہم کیا جائے گا۔