پاک چین تعلقات نے تمام چیلنجوں میں اپنی مضبوطی کو ثابت کیا ہے آرمی چیف

ہمارے تعلقات اجتماعی مفادات کے تحفظ میں کردار ادا کرتے رہیں گے، جی ایچ کیو میں پی ایل اے کی سالگرہ تقریب سے خطاب


Staff Reporter August 02, 2023
فوٹو: فائل

آرمی چیف جنرل سید عاصم منیر نے کہا ہے کہ پاکستان اور چین کے تعلقات منفرد اور مضبوط ہیں جس نے تمام چیلنجوں کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی مضبوطی کو ثابت کیا ہے۔ پیپلزلبریشن آرمی اور پاکستان آرمی ایک دوسرے کے بھائی ہیں اور ہمارے تعلقات ہمارے اجتماعی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق چین کی پیپلز لبریشن آرمی کے قیام کی 96ویں سالگرہ آج جی ایچ کیو میں منائی گئی۔ چیف آف آرمی اسٹاف جنرل عاصم منیر اس موقع پر مہمان خصوصی تھے۔

تقریب میں محترمہ پینگ چنکسو، عوامی جمہوریہ چین کے سفارتخانے کے ناظم الامور، میجر جنرل وانگ ژونگ، دفاعی اتاشی، چینی سفارت خانے کے حکام اور پاکستان کی مسلح افواج کے افسران نے شرکت کی۔

چینی ناظم الامور نے پی ایل اے کے قیام کی 96ویں سالگرہ کے موقع پر تقریب کی میزبانی کرنے پر آرمی چیف کا شکریہ ادا کیا۔ چینی ناظم الامور نے کہا کہ چین اور پاکستان کے درمیان یہ تعاون پر مبنی شراکت داری وقت اور بین الاقوامی تناظر میں ضروری ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ چین اور پاکستان نے ابھی مشترکہ طور پر سی پیک کے آغاز کی 10 ویں سالگرہ منائی ہے۔ گزشتہ ماہ میں آرمی چیف اور دیگر فوجی رہنماؤں نے چین کے کامیاب دورے کیے، جس سے دونوں افواج کے درمیان تعلقات کو مضبوطی سے فروغ ملا ہے۔

چیف آف آرمی اسٹاف جنرل سید عاصم منیر نے پی ایل اے کو مبارکباد دی اور چین کے دفاع، سلامتی اور قوم کی تعمیر میں پی ایل اے کے کردار کو سراہا، آرمی چیف نے دونوں ممالک کی فوج اور عوام کے درمیان گہرے تعلقات کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔

جنرل سید عاصم منیر نے کہا کہ پاکستان اور چین کے تعلقات منفرد اور مضبوط ہیں جس نے تمام چیلنجوں کا مقابلہ کرتے ہوئے اپنی مضبوطی کو ثابت کیا ہے،

انہوں نے مزید کہا کہ پی ایل اے اور پاکستان آرمی ایک دوسرے کے بھائی ہیں اور ہمارے تعلقات ہمارے اجتماعی مفادات کے تحفظ کے لیے اپنا کردار ادا کرتے رہیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں