ضلع وسطی کے بیشتر علاقے کئی گھنٹوں سے گیس سے محروم عوام پریشان

گھروں میں کھانا نہ پک سکا جس کی وجہ سے ہوٹلوں سے کھانے اور روٹی کے حصول کے لیے لوگوں کا رش لگ گیا

فوٹو: فائل

ضلع وسطی کا بڑا حصہ کئی گھنٹوں سے سوئی گیس سے محروم، عوام شدید پریشان، ہوٹلوں پر رش لگ گیا۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق ضلع وسطی کراچی میں نارتھ ناظم آباد اور نارتھ کراچی کا بڑا علاقہ گذشتہ 8 گھنٹے سے گیس سے محروم ہے، شادمان، بفرزون اور نارتھ کراچی کے کئی سیکٹرز میں دوپہر دو بجے سے گیس غائب ہے۔

گیس نہ آنے کی وجہ سے ان علاقوں کے مکینوں کو شدید پریشانی کا سامنا کرنا پڑا ہے، گھروں میں کھانا نہ پک سکا جس کی وجہ سے ہوٹلوں سے کھانے اور روٹی کے حصول کے لیے لوگوں کا رش لگ گیا۔


علاقہ مکینوں نے بتایا کہ ناگن چورنگی پر تعمیراتی کام کے دوران کھدائی کرتے ہوئے گیس پائپ لائن میں پانی بھر گیا جس کی ایس ایس جی سی سے متعدد شکایات کی گئیں مگر عملے نے متعدد شکایات کے باوجود مرمتی کام دیر سے شروع کیا۔

دوسری جانب ترجمان سوئی سدرن گیس کمپنی کا کہنا تھا کہ کم گیس پریشر کی شکایات دور کرنے کیلیے نارتھ کراچی میں 6 انچ کی ایک ہزار فٹ لمبی نئی گیس لائن ڈالی جارہی ہے۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ گیس پائپ لائن ڈالنے کا کام رات دس بجے تک مکمل ہوجائے گا، تاہم دس بجنے کے باوجود گیس بحال نہ ہوسکی۔
Load Next Story