منی پور میں ہجوم کا پولیس چوکیوں پر حملہ اہلکار ہلاک

مشتعل افراد نے توڑپھوڑ کی اور اہلکاروں سے اسلحہ چھین لیا، فورسز کی جانب سے آنسو گیس کا استعمال، 25 افراد زخمی بھی ہوئے

(فوٹو: فائل)

بھارتی ریاست منی پور کے دارالحکومت امپھال میں مشتعل ہجوم نے 2 پولیس چوکیوں پر حملہ کرکے توڑ پھوڑ کی۔ اس حملے میں ایک پولیس اہل کار بھی ہلاک ہوگیا۔

مقامی ذرائع ابلاغ کے مطابق پولیس کا کہنا ہے کہ ضلع بشنوپور میں مشتعل ہجوم نے پولیس کی کیرنفبی چوکی اور تھنگلاوائی چوکی پر توڑپھوڑ کی اور اہل کاروں سے اسلحہ بھی چھین لیے۔ ہجوم نے ہینگانگ اور سنگجمی پولیس اسٹیشنوں پر حملے کرکے بھی اسلحہ اور گولہ بارود چھیننے کی کوشش کی تاہم سکیورٹی فورسز نے ان کے حملے کو ناکام بنادیا۔

سرکاری بیان میں بتایا گیا ہے کہ مسلح حملہ آوروں اور سکیورٹی فورسز کے درمیان سنجام چرانگ، ہراوتھل اور کوتروک کے علاقوں میں فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ایک اہلکار سمیت 2 افراد زخمی ہوئے۔


منی پور کے اضلاع بشنوپور اور چوراچند پور کے درمیان سرحد پر واقع فوگاکچاؤ اکھائی میں تقریباً 600 افراد جمع ہوئے۔ اس ہجوم کو منتشر کرنے کےلیے سکیورٹی فورسز نے آنسو گیس کا استعمال کیا۔ اس کارروائی کے دوران 25 افراد زخمی بھی ہوئے۔

پولیس کی جانب سے جاری بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران ریاست میں فائرنگ اور مختلف مقامات پر بے قابو ہجوم کے جمع ہونے کی وجہ سے حالات بدستور کشیدہ ہیں۔

واضح رہے منی پور کے مختلف اضلاع میں 129 چوکیاں قائم کی گئی ہیں جب کہ خلاف ورزیوں کے الزام میں تقریباً ایک ہزار سے زائد افراد کو حراست میں بھی لیا گیا ہے۔
Load Next Story