عمران خان کے لیے اڈیالہ جیل میں لاک اَپ تیار

جیل کے ہائی سیکیورٹی زون میں رکھا جائے گا، ٹی وی اور انٹرنیٹ میسر نہیں، سیکیورٹی جیل پولیس کے کمانڈوز کے حوالے


ویب ڈیسک August 05, 2023
سابق وزیراعظم کو جیل میں عدالتی حکم کے مطابق سہولیات دستیاب ہوں گی، جیل ذرائع (فوٹو: فائل)

چیئرمین پی ٹی آئی کو ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن کورٹ کی جانب سے سزا سنائے جانے کے بعد ان کے لیے اڈیالہ جیل میں انتظامات مکمل کرلیے گئے۔

ذرائع کے مطابق چیئرمین پی ٹی آئی کو اڈیالہ جیل میں قید کیا جائے گا، ان کے لیے لاک اپ تیار کرلیا گیا ہے، انہیں اڈیالہ جیل کے لاک اپ میں ہائی سکیورٹی زون میں رکھا جائے گا۔

جیل ذرائع کے مطابق لاک اپ کا ایک دروزاہ ایک کھڑکی ہے وہاں پانی کا کولر، کرسی اور ایک میٹرس رکھا گیا ہے، لاک اَپ میں ٹی وی یا انٹرنیٹ کی سہولت میسر نہیں ہوگی، لاک اَپ کی سیکیورٹی جیل پولیس کے کمانڈوز کریں گے، لاک اپ کے قریب تعینات اہل کار غیر مسلح ہوں گے۔

ذرائع کے مطابق عمران خان کے لیے الگ واش روم بھی مختص کردیا گیا ہے، جیل مینوئل کے مطابق عمران خان کو رکھا جائے گا۔

ذرائع نے بتایا ہے کہ عدالتی وارنٹ جیل انتظامیہ کو موصول ہوگیا ہے جس میں عمران خان کو کسی قسم کی مخصوص سہولیات دینے کے حوالے سے ہدایات نہیں ہیں۔

واضح رہے کہ ضلع اسلام آباد کی اپنی جیل نہیں ہے، تمام قیدی اڈیالہ جیل ہی میں رکھے جاتے ہیں۔ اس سلسلے میں راولپنڈی سینٹرل جیل اڈیالہ انتظامیہ نے تمام انتظامات کو ختمی شکل دے دی ہے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں