کراچی 2کروڑ 22لاکھ روپے کی ڈکیتی کی واردات کا مقدمہ درج
ڈکیتی کی واردات بغیر مخبری کے ممکن نہیں ہے، پولیس
پریڈی پولیس نے صدر راجہ غضنفر علی خان روڈ کچھی میمن مسجد کے قریب پیش آنے والی ڈکیتی کی واردات کا مقدمہ درج کر لیا۔
ایف آئی آر کے متن کے مطابق مقدمہ الزام نمبر 552/2023 اے اینڈ وائی گولڈ شاپ کے پرائیویٹ ملازم شیر اعظم کی مدعیت میں درج کیا گیا۔
مدعی نے بتایا کہ ہفتے کو وہ ساڑھے 3 بجے کام پر آیا تھا کہ دکان کے سیٹھ یاسین نے پونے 6 بجے کہا کہ آپ اقبال گولڈ لیب سے جا کر رقم لے آو جس پر میں بتائے ہوئے پتے پر گیا جہاں سے زین نے مجھے اسکول بیگ میں رقم دی جو 2کروڑ 22 لاکھ روپے تھی۔
مدعی کے مطابق رقم گن کر دوبارہ بیگ میں رکھ کر واپس آرہا تھا کہ تقریباً 6 بجکر 50 منٹ پر دو اشخاص ایک موٹر سائیکل 125 نمبر نامعلوم پر آئے اور میرے قریب موٹر سائیکل روک کر اسلحے کے زور پر مجھ سے زبردستی رقم سے بھرا بیگ چھین کر فرار ہوگئے۔
مدعی کا کہنا تھا کہ دونوں ملزمان کو میں سامنے آنے پر شناخت کر لوں گا۔
پولیس نے رقم گن کر لینے والے اور رقم دینے والوں کو شامل تفتیش کر کے واردات کی سی سی ٹی وی فوٹیج کی مدد سے تفتیش شروع کر دی ہے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ ڈکیتی کا واقعہ بغیر مخبری کے ممکن نہیں ہے، واردات واضح ہے اور بہت جلد ملزمان کی گرفتاری ممکن ہے۔