مغربی کنارے میں یہودی آباکاروں کی فائرنگ میں فلسطینی نوجوان شہید

دو روز قبل بھی اسرائیلی فوج کی فائرنگ میں ایک فلسطینی نوجوان شہید ہوگیا تھا


ویب ڈیسک August 06, 2023
اسرائیلی فوج کی جارحیت میں ایک ہفتے میں 13 فلسطینی نوجوان شہید ہوگئے؛ فوٹو: فائل

مغربی کنارے میں یہودی آبادکاروں کی فائرنگ سے 19 سالہ قصی جمال معطان شہید ہوگیا۔

العربیہ نیوز کے مطابق اسرائیلی ظلم و بربریت کا واقعہ رام اللہ کے برقہ گاؤں میں پیش آیا جہاں غیر قانونی طور پر مقیم یہودی آباد کاروں نے فائرنگ کرکے 19 سالہ نہتے فلسطینی کو شہید کردیا۔

عالمی خبر رساں ادارے اے ایف پی نے فلسطینی نوجوان کی ہلاکت پر اسرائیلی فوج کا ردعمل جاننے کے لیے رابطہ کیا لیکن قابض فورس نے جواب نہیں دیا۔

یاد رہے کہ دو روز قبل اسرائیلی فوجیوں نے 18 سالہ محمود ابو سعن کو طولکرم میں گولیاں مار کر شہید کردیا تھا اور الزام عائد کیا تھا کہ نوجوان نے سیکیورٹی فورسز پر بارودی مواد سے حملہ کیا تھا۔

فلسطینی پرچم سے لپٹے محمود ابو سعن کے جنازے میں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ میت کو گلیوں سے گزارا گیا تاکہ سب شہید کا دیدار کرسکیں۔

ان 2 فلسطینی نوجوانوں کی ہلاکت مغربی کنارے میں اسرائیلی بستی میں فائرنگ سے 6 یہودی آبادکاروں کے زخمی ہونے کے بعد ہوئی ہے۔

واضح رہے کہ رواں سال اسرائیلی فوج کی جارحیت میں شہید ہونے والے فلسطینیوں کی تعداد 207 تک پہنچ گئی جب کہ اس دوران 27 اسرائیلی بھی ہلاک ہوئے ہیں۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں