قومی کرکٹ ٹیم کو ورلڈکپ کیلئے بھارت بھیجنے کا فیصلہ
پاکستانی ٹیم کی سلامتی پر گہری تشویش ہے امید ہے ٹیم کی مکمل حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا، ترجمان دفتر خارجہ
حکومت نے قومی کرکٹ ٹیم کو ورلڈ کپ کے لیے بھارت بھیجنے کا فیصلہ کرلیا۔
ترجمان دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ پاکستان نے اپنی کرکٹ ٹیم کو آئندہ آئی سی سی ورلڈ کپ 2023ء میں شرکت کے لیے ہندوستان بھیجنے کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان کا ہمیشہ سے یہ موقف رہا ہے کہ کھیلوں کو سیاست کے ساتھ نہیں ملانا چاہیے اور بھارت کے ساتھ دوطرفہ تعلقات کو بین الاقوامی کھیلوں میں رکاوٹ نہیں بننا چاہیے۔
مزید پڑھیں: ورلڈکپ اسکواڈ؛ سرفراز احمد یا حارث کی شمولیت پر غور شروع
ترجمان نے کہا پاکستان کا فیصلہ اس کے تعمیری اور ذمہ دارانہ رویے کو ظاہر کرتا ہے جبکہ بھارت کا رویہ ہمیشہ متعصبانہ رہا ہے، بھارت نے ایشیاکپ کیلئے اپنی ٹیم کو پاکستان بھیجنے سے انکار کردیا تھا۔
مزید پڑھیں: ورلڈکپ؛ آئن مورگن نے بھی 4 سیمی فائنلسٹ ٹیموں کا نام بتادیا
ترجمان دفتر خارجہ نے مزید کہا کہ پاکستان کو اپنی کرکٹ ٹیم کی سلامتی کے بارے میں گہری تشویش ہے، ہم ان خدشات کو انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور بھارتی حکام تک پہنچا رہے ہیں، ہم امید کرتے ہیں کہ پاکستان ٹیم کی مکمل حفاظت کو یقینی بنایا جائے گا۔