سفری دستاویزات میں جعلسازی پیپلزپارٹی کی سابق ایم پی اے شمع مٹھانی شوہر سمیت گرفتار

شمع مٹھانی اور ان کے شوہر پر الزام ہے کہ انھوں نے 2012 میں امریکا سے واپسی کے وقت امیگریشن کی مہر میں جعلسازی کی۔


Staff Reporter May 07, 2014
امریکی قوانین کے تحت براستہ ابوظبی امریکا جانے والے مسافروں کی امیگریشن ابوظبی میں ہی کی جاتی ہے۔ فوٹو: فائل

ایف آئی اے امیگریشن حکام نے سفری دستاویزات میں جعلسازی کے الزام میں ابوظہبی سے ڈی پورٹ کی جانے والی پاکستان پیپلز پارٹی کی سابق رکن سندھ اسمبلی شمع عارف مٹھانی اور ان کے شوہر کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن حکام نے جناح انٹرنیشنل ایئر پورٹ پر ابوظہبی سے ڈی پورٹ کی جانے والی پاکستان پیپلز پارٹی کی سابق رکن سندھ اسمبلی اور سیکریٹری جنرل پیپلز پارٹی کراچی ڈویژن وومن ونگ شمع عارف میٹھانی اور ان کے شوہر محمد عارف میٹھانی کو حراست میں لے کر انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کے حوالے کر دیا ، ذرائع کے مطابق دونوں پر الزام ہے کہ انھوں نے 2012 میں امریکا سے واپسی کے وقت پاکستان آمد کے موقع پر امیگریشن کی مہر میں جعلسازی کی۔ امریکی حکام کی جانب سے نافذ کuے جانے والے نئے قوانین کے تحت براستہ ابوظبی امریکا جانے والے مسافروں کی امیگریشن ابوظبی میں ہی کی جاتی ہے اور وہاں سے امیگریشن کلیر کرنے کے بعد انھیں امریکا آمد پر ڈومیسٹک پیسنجر تصور کیا جاتا ہے۔

سابق رکن سندھ اسمبلی شمع عارف میٹھانی اور ان کے شوہر محمد عارف میٹھانی اتحاد ایئر ویز کی پرواز کے ذریعے جب ابوظہبی پہنچے تو امریکی امیگریشن حکام نے 2012 میں امریکا سے واپسی کے وقت امیگریشن کی مہر میں جعلسازی کے الزام میں انھیں امریکا جانے کی اجازت دینے سے انکار کر دیا اور ان کے پاکستانی پاسپورٹس و امریکا میں مستقل شہریت کے حامل گرین کارڈ بھی بطور ثبوت ضبط کرلیے اور دونوں میاں بیوی کو ائیر لائن حکام کے حوالے کر کے پاکستان واپس بھیج دیا جہاں ایف آئی اے امیگریشن نے پاکستان آمد پر انھیں حراست میں لے کر مزید قانونی کارروائی کے لیے ایف آئی اے کے انسداد انسانی اسمگلنگ سرکل کے حوالے کر دیا۔ انھیں آج جسمانی ریمانڈ کے لیے عدالت میں پیش کیا جائے گا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں