اسرائیل کے میزائل حملے میں 4 شامی فوجی ہلاک

اسرائیلی حملے میں شامی فوج کی چوکی تباہ ہوگئی اور 4 اہلکار زخمی بھی ہوئے

اسرائیل کے شام میں میزائل حملے میں فوجی چوکی تباہ ہوگئی اور 4 اہلکار زخمی بھی ہوئے؛ فوٹو: فائل

متنازع گولن پہاڑیوں پر قابض اسرائیلی فوج نے وہاں سے شام پر میزائل برسائے جس کے نتیجے میں 4 فوجی ہلاک اور 4 زخمی ہوگئے۔

عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق شامی فوج کے دفاعی فضائی نظام نے اسرائیل کے کئی میزائلوں کو فضا میں ہی ناکارہ بنادیا تاہم چند میزائل ایک فوجی چوکی پر گرے جس کے نتیجے میں ہلاکتیں بھی ہوئیں۔

اسرائیل کے میزائل حملے میں چوکی مکمل طور پر تباہ ہوگئی جب کہ 4 شامی فوجی اہلکار موقع پر ہی ہلاک ہوگئے اور 4 شدید زخمی ہیں جن میں سے دو کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔


شامی فوج پر میزائل حملے سے متعلق اسرائیل نے کوئی بیان جاری نہیں کیا اور نہ ہی شامی حکومت کی جانب سے کوئی ردعمل سامنے آیا ہے تاہم اسرائیل بارہا کہہ چکا ہے کہ وہ شام میں ایرانی اثرورسوخ کو بڑھنے نہیں دے گا۔

خیال رہے کہ 2011 سے جاری خانہ جنگی میں ایران کے صدر بشارالاسد کی حمایت میں داعش سے جنگ کرنے کی وجہ سے ایران کا اثر و رسوخ کافی بڑھ گیا ہے۔

دوسری جانب اتحادی افواج نے شام میں داعش کو شکست فاش دینے کا دعویٰ کیا ہے۔ داعش جنگجو سمٹ کر ادلب کے دور دراز علاقوں تک محدود ہوکر رہ گئے ہیں۔

تاہم گولن پہاڑیوں کے متنازع علاقوں پر اسرائیلی فوجیں اب بھی قابض ہیں اور وہاں سے شامی علاقوں میں سرگرم لبنان کی حزب اللہ اور ایرانی ٹھکانوں پر حملے کرتے رہتے ہیں۔
Load Next Story