سابق ٹیسٹ کپتان انضمام الحق چیف سلیکٹر مقرر

چیف سلیکٹر کی حیثیت سے تقرری کے بعد انضمام الحق پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی سے دستبردار ہوگئے

فوٹو : پی سی بی

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) نے سابق ٹیسٹ کپتان انضمام الحق کو چیف سلیکٹر مقرر کر دیا۔

پاکستان کرکٹ بورڈ نے اعلان کیا ہے کہ انضمام الحق مینز سلیکشن کمیٹی کے چیف سلیکٹر ہوں گے اور اس کمیٹی میں ٹیم ڈائریکٹر مکی آرتھر، ہیڈ کوچ گرانٹ بریڈ برن اور حسن چیمہ سیکریٹری شامل ہونگے، یہ سلیکشن کمیٹی پاکستان کی قومی کرکٹ ٹیم اور پاکستان شاہینز کا سلیکشن کرے گی۔

چیف سلیکٹر کی حیثیت سے تقرری کے باعث انضمام الحق پاکستان کرکٹ بورڈ کی کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی سے دستبردار ہوگئے ہیں اور ان کے متبادل کا اعلان بعد میں کیا جائے گا۔

انضمام الحق کا پہلا اسائنمنٹ افغانستان کے خلاف تین ون ڈے انٹرنیشنل میچوں کی سیریز کے لیے پاکستانی ٹیم کا انتخاب ہوگا ۔ یہ سیریز22 سے 26 اگست تک سری لنکا میں کھیلی جائے گی جس کے بعد وہ ایشیا کپ اور ورلڈ کپ کے لیے پاکستانی ٹیم کا سلیکشن کریں گے۔ ایشیا کپ کا آغاز 30 اگست کو ہوگا جبکہ ورلڈ کپ 5 اکتوبر سے 19 نومبر تک انڈیا میں کھیلا جائے گا۔

53 سالہ انضمام الحق نے اس سے قبل بھی اگست 2016 ء سے جولائی 2019 تک پاکستان کرکٹ بورڈ کی قومی سلیکشن کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے ذمہ داریاں نبھائی تھیں۔ ان کی منتخب کردہ پاکستانی ٹیم نے جون 2017ءمیں آئی سی سی چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی جس کے فائنل میں اس نے انڈیا کو180 رنز سے ہرایا تھا۔

انضمام الحق کا چیف سلیکٹر بنائے جانے پر کہنا ہے کہ یہ ان کے لیے اعزاز کی بات ہے۔ وہ اس سلسلے میں ذکا اشرف کا شکریہ ادا کرتے ہیں جنہوں نے اس عہدے کے لیے انہیں پیشکش کی۔ یہ خوشی کی بات ہے کہ ذکا اشرف کرکٹ کے معاملات میں سابق کرکٹرز کو شامل کررہے ہیں جس کی جھلک ہم کرکٹ ٹیکنیکل کمیٹی میں دیکھ چکے ہیں۔


انضمام الحق نے کہا کہ وہ اس سے قبل بھی یہ ذمہ داری نبھاچکے ہیں اور اور دوبارہ اس کے لیے پرجوش ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ان کا پچھلا دور اچھا رہا تھا جس میں ہم نے چیمپئنز ٹرافی جیتی تھی لیکن سب سے اہم بات یہ ہے کہ 70 سے 80 فیصد کرکٹرز جو اس وقت سلیکٹ کیے گئے تھے آج کی ٹیموں کا اہم حصہ ہیں۔

انضمام الحق کا کہنا تھا کہ کہ اس وقت کی ٹیم تشکیل نو کے مرحلے میں تھی لیکن اب ٹیم مستحکم شکل میں ہے اور انہیں پہلے جیسے چیلنجز کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔

سابق کپتان نے کہا کہ پاکستان میں سلیکشن کمیٹی کا سربراہ ہونا ایک مشکل کام ہے لیکن اس بار یہ اس لیے زیادہ چیلنجنگ ہے کہ اس سال ایشیا کپ، ورلڈ کپ اور آسٹریلیا کا دورہ شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مجھے پتہ ہے کہ میں یہ ذمہ داری نبھاسکتا ہوں اور وہ پہلے سے زیادہ بہتر انداز میں اسے نبھانے کی کوشش کریں گے۔وقت کم ہونے کے باوجود ہم بہترین ٹیموں کا ا نتخاب کریں گے۔

پاکستان کرکٹ بورڈ کی مینجمنٹ کمیٹی کے سربراہ ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ انہیں خوشی ہے کہ انضمام الحق نے ان کی پیشکش قبول کرتے ہوئے چیف سلیکٹر بننا قبول کیا۔ وہ ایک لیجنڈ ہیں اور انہوں نے بڑے باوقار انداز میں اس کھیل کی خذمت کی ہے۔ ان کا پچھلا دور کامیاب رہا تھاجس میں ہم نہ صرف چیمپئنز ٹرافی جیتے تھے بلکہ چند بہترین ٹیلنٹ بھی سامنے آئے تھے جو ابھی تک پاکستان کرکٹ کی خدمت کررہے ہیں۔

ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ انہیں کوئی شک وشبہ نہیں ہے کہ انضمام الحق کی نئی اننگز میں نہ صرف مزید کامیابیاں حاصل ہوں گی بلکہ نیا ٹیلنٹ بھی سامنے آئے گا۔

 
Load Next Story