سویلینز کا فوجی ٹرائل فل کورٹ کی درخواست مسترد کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری
فوجی عدالتوں کے کیس کی سماعت کیلیے 9 رکنی بینچ میں سے2ججز نے انکار کیا اور ایک جج اعتراض پر خود الگ ہوئے، حکم نامہ
سپریم کورٹ نے فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے کیس میں فل کورٹ بینچ تشکیل دینے کی درخواست مسترد کرنے کا تحریری حکم نامہ جاری کردیا۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف آئینی درخواستوں پر سپریم کورٹ نے حکم نامہ جاری کردیا۔ حکم نامے میں فوجی عدالتوں کے کیس میں فل کورٹ بینچ تشکیل دینے کی درخواست مسترد کی گئی تھی۔
تحریری حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ سپریم کورٹ 2021ء میں قرار دے چکی کہ بینچز کی تشکیل کا اختیار صرف چیف جسٹس کا ہے، چیف جسٹس بطور ماسٹر آف روسٹر بینچ کی تشکیل پر فیصلہ کرچکے۔
حکم نامے میں مزید کہا گیا ہے کہ موجودہ حالات میں فوجی عدالتوں کے کیس میں فل کورٹ بینچ تشکیل دینا ممکن نہیں کیونکہ موسم گرما کی تعطیلات کے باعث تمام ججز دستیاب نہیں،فوجی عدالتوں کے کیس کی سماعت کے لیے 9 رکنی بینچ میں سے دو ججز نے انکار کیا اور ایک جج اعتراض پر خود الگ ہوئے۔
حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ فوجی عدالتوں میں سویلینز کے ٹرائل کے خلاف کیس کی سماعت کے لیے فل کورٹ تشکیل دینے کی درخواست نمٹائی جاتی ہے۔