رات کے وقت حوالات میں کیڑے اوردن میں مکھیاں ہوتی ہیں عمران خان کی وکیل سےگفتگو
چیئرمین پی ٹی آئی کو کوئی سہولت نہیں دی جا رہی اور ایسی جگہ رکھا ہے جہاں اوپن واش روم ہے، وکیل پی ٹی آئی نعیم پنجوتھا
وکیل پی ٹی آئی نعیم پنجوتھا نے اٹک جیل میں توشہ خانہ کیس میں قید چیئرمین پی ٹی آئی سے جاری 2 گھنٹے کی ملاقات کے حوالے سے کہا ہے کہ عمران خان نے بتایا کہ ''رات کے وقت حوالات میں کیڑے اور دن کے وقت مکھیاں ہوتی ہیں''۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے نعیم پنجوتھا نے بتایا کہ دو دن سے ہم جیل حکام سے رابطے کی کوشش کررہے تھے، ہم نے قانونی دستاویزات اور خیریت دریافت کرنی تھیں، کل رات 12 بجے ایک میسج اور کال موصول ہوئی۔
انہوں نے مزید بتایا کہ ہمیں کیا گیا کہ آج پیر کے روز 12 بجے ملاقات کیلئے آ جائیں، جان بوجھ کر ہمارا ایک دن ضائع کروایا گیا جبکہ چیئرمین پی ٹی آئی سے ڈیڑھ بجے ملاقات شروع ہوئی اور دو گھنٹے تک لیگل ٹیم کی ملاقات جاری رہی۔
علاوہ ازیں وکیل پی ٹی آئی نعیم پنجوتھا نے عمران خان سے متعلق کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی نے بتایا کہ ''انہیں کوئی سہولت نہیں دی جا رہی اور ایسی جگہ رکھا ہے جہاں اوپن واش روم ہے''۔
انہوں نے بتایا کہ 'عمران خان کا کہنا تھا کہ رات کے وقت میری حوالات میں کیڑے اور دن کے وقت مکھیاں ہوتی ہیں، جتنا (جیل انتظامیہ) سے ہو سکتا ہے یہ میرے ساتھ برا سلوک کر رہے ہیں''۔
وکیل پی ٹی آئی نعیم پنجوتھا نے بتایا کہ ''عمران خان نے تلقین کی ہم نے ثابت قدمی سے ان کے خلاف کھڑے ہونا ہے، بشری بی بی کے کمرے میں زبردستی داخل ہوئے اور موبائل فونز کو چیک کیا جائے اور متعلقہ ذمہ داران کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے''۔
اس موقع پر نعیم پنجوتھا نے کہا کہ چیئرمین پی ٹی آئی کو پہلے اڈیالہ جیل منتقل کرنا تھا لیکن صرف سی کلاس جیل میں رکھنے کیلئے اٹک جیل لایا گیا جبکہ ملاقات کے دوران عمران خان نے کہا کہ میں ساری زندگی بھی جیل میں رہنے کو تیار ہوں لیکن اس فسطائیت اور ظلم کے خلاف جنگ لڑنی ہے۔