اقتصادی رابطہ کمیٹی نے کے الیکٹرک صارفین کیلیے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دے دی

یڈجسٹمنٹ کے ذریعے کے-الیکٹرک کے لیے ٹیرف ریشنلائزیشن صارفین سے وصول کیا جائے گا

فوٹو: فائل

اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ٹیرف ریشنلائزیشن کے ذریعے کے الیکٹرک صارفین کیلیے بجلی مہنگی کرنے کی منظوری دے دی۔

وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی زیر صدارت ہونیوالے ای سی سی کے اجلاس میں کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ترسیلات زر کو فروغ دینے سے متعلق اسکیموں پر نظرثانی کی سمری پر تفصیلی بحث کے بعد ترسیلات زر کی آمد کو بہتر بنانے اور رسمی ذرائع کے ذریعے ترسیلات زر کی زیادہ سے زیادہ آمد حاصل کرنے کے لیے اسٹیٹ بینک کی چھ مراعاتی اسکیموں میں ترامیم کی تجویز کی منظوری دیدی ہے۔

اجلاس میں وزارت نیشنل فوڈ سیکیورٹی اینڈ ریسرچ کی طرف سے پیش کردہ بارشوں اور سیلاب سے 2022 میں پاسکو کی گندم کو نقصان پہنچانے کی جامع رپورٹ پر غور کیا گیا۔

ای سی سی نے ٹی اے وی این آئی آر ایران کے ساتھ 104 میگاواٹ بجلی کی خریداری کے لیے معاہدے میں ترامیم کی بھی منظوری دیدی ہے جبکہ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے ٹیرف ریشنلائزیشن کے ذریعے کے الیکٹرک کے صارفین کے لیے یکساں ٹیرف کے اطلاق کی بھی منظوری دیدی ہے۔


ای سی سی نے ایڈجسٹمنٹ کے ذریعے کے-الیکٹرک کے لیے ٹیرف ریشنلائزیشن کی منظوری دی جو کہ بالترتیب تین ماہ (جولائی، اگست اور ستمبر 2023) میں صارفین سے وصول کی جانے والی اپریل، مئی اور جون 2023 کی کھپت پر لاگو ہوگی۔

ای سی سی نے ٹرانسمیشن لائن پالیسی 2015 (ٹی ایل پالیسی 2015) میں مجوزہ ترامیم کی بھی منظوری دیدی ہے۔ ترمیمی پالیسی کے تحت ذیلی خدمات کے منصوبوں کو بھی اس پالیسی میں شامل کیا جائے گا۔

علاوہ ازیں اقتصادی رابطہ کمیٹی نے یوٹیلیٹی اسٹورز کارپوریشن کے ذریعے مالی سال 2023-24 کے لیے یکم اگست 2023 سے 30 جون 2024 تک 10 ماہ کے لیے رعایتی نرخوں پر پانچ ضروری اشیاء کی فراہمی کے وزیراعظم ریلیف پیکیج کو جاری رکھنے کی بھی منظوری دیدی ہے۔

ای سی سی نے وزارت صنعت و پیداوار کی سمری کو اس ہدایت کے ساتھ منظور کیا گیا کہ آٹے کی قیمت میں کوئی اضافہ نہ کیا جائے اور یہ ریلیف پیکج رمضان المبارک کے مہینے کو چھوڑ کر باقی ماندہ دس ماہ کیلئے لاگو ہوگا۔

ای سی سی نے میڈیا ورکرز، صحافیوں اور فنکاروں کے لیے وزیر اعظم ہیلتھ انشورنس اسکیم اور فلم فنانس فنڈ کی فراہمی کے لیے وزارت اطلاعات و نشریات تین ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ فراہم کرنے کی بھی منظوری دیدی ہے جبکہ ای سی سی نے جے ایس ایچ کیو کو رواں مالی سال 2023-24 میں سیکورٹی سے متعلقہ ضروریات کے لیے وزارت دفاع کو پچاس کروڑ روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ فراہم کرنے کی بھی منظوریدی ہے۔
Load Next Story