کراچی فش ہاربر میں دھماکا سے امونیا گیس کا اخراج متعدد خواتین کی حالت غیر

دھماکے کے وقت سی فوڈ فیکٹری میں 60 خواتین موجود تھیں، متاثرہ خواتین اسپتال منتقل

فوٹو فائل

شہر قائد میں فش ہاربر کی فیکٹری میں زہریلی گیس کے اخراج سے متعدد خواتین کی حالت غیر ہوگئی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق فش ہاربر میں قائم سی فوڈ فیکٹری میں امونیا گیس کا دھماکا ہوا، جس کے بعد مضر صحت گیس کا اخراج ہوا۔

دھماکے کے وقت فیکٹری میں 60 خواتین ملازمین موجود تھیں جو معمول کے مطابق جھینگا اور مچھلی پیک کرنے کا کام کررہی تھیں۔

دھماکے کے نتیجے میں 26 خواتین سمیت 27 افراد کی حالت غیر ہوئی جنہیں فوری طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

جناح اسپتال کے ترجمان جہانگیر درانی کے مطابق جناح اسپتال 10 متاثرہ خواتین کو علاج معالجے کے لیے لایا گیا جبکہ اے ایم ایس سول اسپتال نصراللہ میمن کے مطابق سول اسپتال میں 16 خواتین سمیت 17 افراد کو طبی امداد کے لیے لایا گیا۔

مقامی افراد کے مطابق امونیا گیس کے اخراج کے بعد علاقے کی فضا بھی متاثر ہوئی جس کی وجہ سے مکینوں کو سانس لینے میں دشواری کا سامنا کرنا پڑا۔


وزیراعلیٰ کا نوٹس

دوسری جانب وزیراعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ نے کراچی کی فوڈ فیکٹری میں گیس دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے کمشنر اور وزیر برائے افرادی قوت سے رپورٹ طلب کرلی۔

مراد علی شاہ نے کہا کہ فش ہاربر کی فوڈ فیکٹری میں زہریلی گیس کا اخراج ہوا، اطلاعات ہیں کہ 11 خواتین کی حالت تشویشناک ہے، تمام زخمی خواتین کی جان بچانے کی ہر ممکن کوشش کریں اور فیکٹری میں دھماکے کی تفصیلات سے فوراً آگاہ کریں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے محکمہ فوڈ کو فیکٹری کے فوری معائنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ اگر فیکٹری میں ناکارہ گیس سلنڈر موجود ہوں تو عمارت کو فوری سیل کردیا جائے۔

اُدھر ڈی آئی جی عرفان بلوچ نے کہا کہ واقعے کی انکوائری کررہے ہیں اور ابھی تک کسی کی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔ متاثرہ فیملی سے بات ہونے تک کچھ بھی واضح نہیں ہے، بیان کے بعد ہی قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

 
Load Next Story