پیپلزپارٹی دو روز بعد انتخابی مہم کا آغاز کرے گی بلاول بھٹو
دو تین روز بعد میں آپ کے پاس واپس آؤں گا اور پھر ہم ملکر پیپلزپارٹی کی انتخابی مہم شروع کریں گے، چیئرمین پیپلزپارٹی
وزیر خارجہ اور پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ ہم دو تین روز میں اپنی انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔
سکھر میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان پیپلزپارٹی الیکشن سے کبھی خوفزدہ نہیں ہوئی اور نہ ہی پیچھے ہٹی ہے، ہمارے کارکنان ہر وقت انتخابات کیلیے تیار رہتے ہیں۔
انہوں نے کارکنان کو مخاطب کرکے کہا کہ 'دو تین روز بعد میں آپ کے پاس واپس آؤں گا اور پھر ہم ملکر پیپلزپارٹی کی انتخابی مہم شروع کریں گے، حکومت اور مصروفیات سے فارغ ہوتے ہی میں آپ کے درمیان ہوں گا'۔
بلاول بھٹو نے کہا کہ ہم سب ملکر جدوجہد کریں گے اور شہید بے نظیر بھٹو کے نامکمل مشن کو ساتھ مل کر مکمل کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ اگلی حکومت ملی تو کراچی سمیت سندھ بھر میں علاج کی مفت سہولت فراہم کریں گے۔
چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ اٹھارویں ترمیم پر ڈاکا ڈالا گیا اور سابق چیف جسٹس ثاقب نثار اور چیئرمین پی ٹی آئی نے اسپتالوں پر قبضے کی کوشش کی۔