سندھ کےاسکولوں میں 750 میوزک ٹیچرز کی بھرتیوں کا آغاز

میوزک ٹیچر کو بی ایس 14 میں بھرتی کیا جارہا ہے، ٹیچر ہارمونیم، وائلن، فلیوٹ، باجا، پیانو، ڈفلی بجانا سکھائیں گے


فوٹو: فائل

سندھ کے 31 اضلاع کے سرکاری اسکولوں میں 750 میوزک ٹیچرز کی بھرتیوں کا آغاز ہوگیا۔ میوزک ٹیچرز سرکاری تعلیمی اداروں میں موسیقی اور طلبا کی دیگر صلاحیتوں کو ابھارنے کیلیے میوزک سکھائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت نے سرکاری اسکولوں میں میوزک ٹیچرز کی باضابطہ بھرتیوں کا عمل شروع کردیا ہے، میوزک ٹیچر کو بی ایس 14 میں بھرتی کیا جارہا ہے، ٹیچر ہارمونیم، وائلن، فلیوٹ، باجا، پیانو، ڈفلی بجانا سکھائیں گے۔

ایڈیشنل ڈائریکٹر ایلیمنٹری، سیکنڈری اور ہائر سیکنڈری اسکول کراچی ریجن کمل کمار نے اپنے دفتر میں ایکسپریس سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بھرتیوں کے لیے ٹیسٹ آئی بی اے سکھر نے لیا جو درخواستیں آن لائن جمع کرائی گئی تھیں۔

آئی بی اے سکھر نے میوزک ٹیچرز کے عہدے کے لیے کامیاب امیدواروں کے نتائج جاری کردیے ہیں، 31 اضلاع میں 750 امیدوار اب میوزک سکھائیں گے۔

کمل کمار کا کہنا تھا کہ موسیقی کے اساتذہ کی بھرتی ضلعی سطح پر ہورہی ہے، مستقبل میں اچھی کارکردگی کی بنیاد پر ان اساتذہ کو مستقل کردیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ میوزک ٹیچرز طلبا کو گروم کریں گے اور اس ٹرینڈ کے ساتھ سرکاری تعلیمی ادارے جدید دور کے تقاضوں سے ہم آہنگ ہوں گے۔

انہوں نے کہا کہ اساتذہ نہ صرف آلہ بجانا سکھائیں گے بلکہ شیٹ میوزک پڑھنا اور سیکھنے کا ایک مثبت اور حوصلہ افزا ماحول پیدا کریں گے جس سے طلبا کو آڈیشن اور کارکردگی کی تیاری میں بھی مدد مل سکے گی۔

کمل کمار نے کہا کہ جشن آزادی کا عشرہ ہے جس میں طلبا میوزک کے ذریعے اچھے تہوار منعقد کر سکیں گے، قومی ترانہ ، ملی نغمے طلبا خود بندوبست کر سکیں گے۔

انہوں نے کہا کہ غیر نصابی سر گرمیاں تعلیمی اداروں کیلیے بہت مفید ہوتے ہیں۔ کمل کمار نے کہا کہ پہلے مرحلے میں بھرتیاں ہو رہی ہیں پھر جدید آلات موسیقی لیے جائیں گے۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں