کوئٹہ کے جوائنٹ روڈ پر دستی بم حملے میں تین افراد زخمی
صوبائی وزیر داخلہ کا دستی بم حملے کا نوٹس، متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا
بلوچستان کے دارالحکومت میں جوائنٹ روڈ پر دستی بم حملے میں تین افراد زخمی ہوگئے۔
پولیس حکام کے مطابق جوائنٹ روڈ پر نامعلوم افراد نے دستی بم پھینکا جو زور دار دھماکے سے پھٹ گیا۔
دھماکے کے نتیجے میں تین افراد زخمی ہوئے جن کی شناخت جلال الدین، سردار ولی، نجیب اللہ کے ناموں سے ہوئی، زخمیوں کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا ہے جہاں ڈاکٹرز نے اُن کی حالت کو خطرے سے باہر قرار دیا ہے۔
دوسری جانب وزیر داخلہ بلوچستان میر ضیا ء اللہ لانگو نے کوئٹہ جوائنٹ روڈ پر دستی بم حملے کا نوٹس لیتے ہوئے تین افراد کے زخمی ہونے پر افسوس کا اظہار کیا اور متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کرلی۔
وزیرداخلہ نے کہا کہ اس طرح کے حملے ہمارے حوصلے پست نہیں کرسکتے۔
اُدھر پنجگور کے علاقے شاہ کون میں پولیس نے گاڑی میں نصب بم کو ناکارہ بنا دیا جبکہ گاڑی میں سے برآمد ہونے والے اسلحے کو قبضے میں لے کر تفتیش شروع کردی۔