پنشن اورریٹائرمنٹ واجبات کی عدم ادائیگی وائس چانسلرجامعہ اردو کے دفتر کے سامنے احتجاج

اگر فوری طور پر مسائل حل نہیں کیے گئے تو اپنے حقوق کے حصول کیلیے احتجاج کا دائرہ وسیع کردیں گے، ریٹائرڈ ملازمین


وقاص علی August 10, 2023
—فائل فوٹو

وفاقی اردو یونیورسٹی کے ریٹائرڈ ملازمین نے پنشن اور بعد از ریٹائرمنٹ واجبات کی ادائیگی کے مطالبات کے لیے گلشن اقبال کیمپس میں وائس چانسلر آفس میں احتجاج کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ اگر فوری طور پر ان کے مسائل کو حل نہیں کیا جاتا تو وہ اپنے حقوق کے حصول کے لیے احتجاج کا دائرہ وسیع کردیں گے۔

انجمن اساتذہ عبدالحق کیمپس نے ریٹائرڈ ملازمین سے اظہارِ یکجہتی کرتے ہوئے احتجاج میں شرکت کی۔ اس سے قبل ریٹائرڈ اساتذہ اور دیگر ملازمین کاخصوصی اجلاس شعبہ کیمیا گلشن اقبال کیمپس میں منعقد ہوا۔


اجلاس میں شرکا نے پنشن کی تاخیر سے ادائیگی اور موجودہ ماہ کی عدم ادائیگی پر تشویش کا اظہار کیا۔ اجلاس میں گزشتہ 2 برس سے زائد عرصہ میں ریٹائر ہونے والے ملازمین کو اب تک واجبات کی عدم ادائیگی کا معاملہ بھی زیرِ غور آیا۔


ریلی کے شرکاء نے وائس چانسلر نے ملنے کی کوشش کی لیکن وائس چانسلر اپنے دفتر میں موجود نہیں تھے۔ علاوہ ازیں ٹریژرار اپنے دفتر میں موجود تھے لیکن ان کی طرف سے بھی ریٹائرڈ ملازمین سے ملنے سے اجتناب برتا گیا۔


شرکا کا کہنا تھا کہ اکثریتی ریٹائرڈ ملازمین کے پاس اس مہنگائی کے دور میں گزر بسر کے لیے پنشن کے علاوہ کوئی دوسرا ذریعہ نہیں، اگر فوری طور پر ان کے مسائل کو حل نہیں کیا جاتا تو وہ اپنے حقوق کے حصول کے لیے اس احتجاج کے دائرہ کو وسیع کریں گے اور ضرورت پڑی تو اپنے طلبہ سے بھی اپیل کریں گے کہ وہ بھی ان کی مدد کو آئیں اور اپنے اساتذہ کو ان کا حق دلوانے میں اپنا کردار اداکریں۔


احتجاج کرنے والے اساتذہ اور غیر تدریسی ملازمین کے احتجاجی بینر پر پنشن اور واجبات کی ادائیگی اور پنشن فنڈ میں غبن کی تحقیقات کے لیے وزیر اعظم پاکستان اور وفاقی وزیر تعلیم سے مطالبات درج تھے۔



تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں