خیبرپختونخوا کی نگراں کابینہ تحلیل کرنے کا فیصلہ اراکین سے استعفے طلب
19 اراکین نے استعفے وزیراعلیٰ کو جمع کرادیے، وزیراعلیٰ نئی ٹیم تشکیل دیں گے، وزیر اطلاعات
نگراں وزیراعلیٰ اعظم خان نے خیبرپختونخوا کی نگراں کابینہ کو ختم کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے وزرا سے استعفے طلب کرلیے۔
نگراں وزیر اطلاعات نے بتایا ہے کہ کابینہ کے 19 ارکان نے اپنے استعفے وزیراعلیٰ کے پاس جمع کرادیئے ہیں، حکومتی ٹیم کے دیگر ارکان اپنے استعفے جلد جمع کرائیں گے۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلی نے تمام وزرا، مشیروں اور معاونین خصوصی کو چائے پر مدعو کیا اور ان سے استعفے طلب کیے، جس پر کچھ اراکین نے شام تک کا وقت مانگا جبکہ کچھ شہر سے باہر ہیں جو واپس آکر استعفے جمع کروادیں گے۔
بیرسٹر فیرز جمال نے بتایا کہ 7 اراکین کے استعفے موصول ہونے کے بعد وزیراعلی کابینہ ارکان کے استعفوں سمیت سمری کل جمعہ کے روز گورنر خیبرپختونخوا کو ارسال کریں گے۔
استعفیٰ دینے والے اراکین میں مسعود شاہ، عبد الحلیم قصوریہ، ارشاد قیصر، محمد علی شاہ، ہدایت اللہ، سلمی بیگم، ریاض انور، پیر ہارون شاہ، شیراز اکرم، ملک مہر الہیٰ، حامد شاہ، بخت نواز، حاجی غفران، فضل الہیٰ، تاج محمد ، حمایت اللہ، ظفر محمود اور رحمت سلام خٹک شامل ہیں۔ پاکستان پیپلز پارٹی اور جے یو آئی کے ارکان نے مہلت مانگ لی۔
الیکشن کمیشن نے وزیر اعلیٰ کو بعض کابینہ ارکان کے سیاسی سرگرمیوں میں ملوث ہونے پر وزارتوں سے ہٹانے کا خط لکھا تھا۔ اس سے قبل نگراں وزرا شاہد خٹک اور عدنان جلیل کو پہلے ہی کابینہ سے فارغ کیا جاچکا ہے۔
ذرائع کے مطابق نگراں کابینہ تحلیل ہونے کے بعد وزیراعلیٰ اعظم خان نئی ٹیم تشکیل دیں گے۔