کراچی میں ڈاکوؤں سے مقابلے دوران پولیس اہلکار شہید

پولیس کی جوابی فائرنگ میں شدید زخمی ہونے والا ڈاکو ہلاک ہوگیا جبکہ اس کا ساتھی زخمی حالت میں فرار ہوگیا


ویب ڈیسک August 10, 2023
—فائل فوٹو

ابوالحسن اصفہانی روڈ پر مقابلے کے دوران پولیس اہلکار شہید ہوگیا جبکہ دوسرا اہلکار اور راہگیر گولیاں لگنے سے زخمی ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق ابوالحسن اصفہانی روڈ پیراڈائز بیکری بلیز گارڈن کے قریب پولیس مقابلے کے دوران ڈاکوؤں کی فائرنگ سے پولیس اہلکار شہید جبکہ دوسرا اہلکار اور راہگیر گولیاں لگنے سے زخمی ہوگیا۔

پولیس کی جوابی فائرنگ سے ایک ڈاکو شدید زخمی ہوگیا جو زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے ہلاک ہوگیا۔ اس حوالے سے ایس ایچ او مبینہ ٹاؤن رضوان نے بتایا کہ فائرنگ کا نشانہ بننے والے موٹر سائیکل سوار اہلکار علاقہ گشت پر مامور تھے جنھیں شہری نے موٹر سائیکل چھیننے سے متعلق اطلاع دی تھی۔

رضوان نے بتایا کہ اس دوران پولیس اہلکار وہاں پہنچ گئے اور انھیں دیکھ کر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں مبینہ ٹاؤن تھانے کا پولیس اہلکار کانسٹیبل 35 سالہ غلام محمد شہید ہوگیا جبکہ جوابی فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو شدید زخمی ہو کر ہلاک ہوگیا اور اس کے قریب پڑی ہوئی اہلکار سے چھینی گئی سرکاری ایس ایم جی بھی مل گئی۔

انہوں نے بتایا کہ مقابلے کے دوران دوسرا پولیس اہلکار کانسٹیبل 30 سالہ عمیر اکرم اور ایک راہگیر بھی گولیاں لگنے سے زخمی ہوا جنھیں فوری طبی امداد کے لیے گلشن اقبال میں قائم نجی ہسپتال لیجایا گیا جبکہ شہید اہلکار کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے عباسی شہید اسپتال منتقل کر دیا گئی۔

پولیس کے مطابق ڈاکو موٹر سائیکل علی حسن نامی نوجوان سے چھین رہے تھے جس کے ہمراہ ایک خاتون بھی تھی ، پولیس کے مطابق ہلاک ہونے والے ڈاکو کی شناخت نہیں ہو سکی جبکہ مقابلے میں اس کا ساتھی زخمی حالت میں فرار ہوا ہے جس کی تلاش میں پولیس کی بھاری نفری نے علاقے کا محاصرہ کر کے سرچ آپریشن شروع کر دیا۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں