لاہور کیبل چلانے کا تنازع فائرنگ سے  ایک شخص جاں بحق کانسٹیبل سمیت 6 زخمی

سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزم بلال شاہ علاقے میں کیبل چلانے کے لیے بھتہ مانگ رہا تھا، پولیس نے گرفتاری کیلیے ٹیم تشکیل دیدی

(فوٹو: فائل)

ہربنس پورہ کے علاقے میں کیبل چلانے کے تنازع پر فائرنگ کے واقع میں ایک شخص جاں بحق اور پولیس کانسٹیبل سمیت 6 افراد زخمی ہو گئے۔

پولیس کے مطابق زخمی ہونے والوں میں 2 راہ گیر بھی شامل ہیں۔ فائرنگ سابقہ ریکارڈ یافتہ ملزم بلال شاہ کی جانب سے کی گئی ہے۔ ملزم اور زخمیوں کے درمیان کیبل کے پیسوں کا تنازع چل رہا تھا۔ ملزم بلال شاہ زخمی افراد سے کیبل چلانے کے لیے بھتہ مانگ رہا تھا۔


ملزم بلال شاہ نے صلح کے لیے گھر پر بلایا اور اس دوران ملزم اور دوسری پارٹی کے درمیان تلخ کلامی ہوئی۔ آنے والے اچانک گھر سے بھاگے تو پیچھے سے بلال شاہ نے فائرنگ کردی۔ زخمیوں کی شناخت پولیس کانسٹیبل علی رضا، اسحاق، نوید اور طاہر کے نام سے ہوئی جب کہ جاں بحق شخص کی شناخت شہزاد کے نام سے ہوئی ہے۔

فائرنگ کے بعد بلال شاہ موقع سے فرار ہوگیا۔ پولیس نے شہزاد کی لاش پوسٹ مارٹم کے لیے مردہ خانہ منتقل کر دی جب کہ فائرنگ میں زخمی ہونے والے افراد سروسز اسپتال میں زیر علاج ہیں۔ پولیس نے ملزم بلال شاہ کی گرفتاری کے لیے ٹیم تشکیل دے دی ہے۔
Load Next Story