نگراں وزیراعظم کیلیے صادق سنجرانی موزوں ترین امیدوار ہیں پرویز خٹک
استحکام پاکستان پارٹی اور پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین نے اپوزیشن کے ناموں کی حمایت کردی
پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین نے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو نگراں وزیراعظم کیلیے موزوں ترین امیدوار قرار دے دیا جبکہ استحکام پاکستان پارٹی (آئی پی پی) نے بھی اپوزیشن لیڈر کے ناموں کی حمایت کا اعلان کردیا۔
استحکام پاکستان پارٹی کے چیئرمین جہانگیر خان ترین نے کہا کہ نگران وزیراعظم کے لئے راجہ ریاض احمد کے تجویز کردہ ناموں کی حمایت کرتے ہیں اور اُن کے ساتھ ہیں، اپوزیشن کی طرف سے نگراں وزیر اعظم مقررہونا زیادہ بہتر ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ نگران حکومت کی تشکیل کیلئے استحکام پاکستان پارٹی اپوزیشن کے ساتھ ہے، امید ہے عبوری حکومت کا معاملہ افہام و تفہیم کے ساتھ جلد حل ہو جائے گا۔
مزید پڑھیں: '' 12 اگست تک نگراں وزیراعظم کا نام دے دیں'' صدر کا وزیراعظم اوراپوزیشن لیڈر کو خط
دوسری جانب پاکستان تحریک انصاف پارلیمنٹرین کے صدرپرویز خٹک نے نگراں وزیراعظم کے لیے صادق سنجرانی کے نام کی حمایت کردی۔
انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ نگران وزیراعظم کے لئے راجہ ریاض کے تجویزکردہ ناموں کی مکمل حمایت کرتے ہیں اور ہماری نظر میں اس عہدے کے لیے صادق سنجرانی موزوں امیدوار ہیں۔