چیئرمین کے خلاف جاری انتقامی کارروائیوں سے عوام کا صبر لبریزہورہا ہے پی ٹی آئی
کور کمیٹی کے اجلاس میں عمران خان کی گرفتاری اور کارکنان کے خلاف شروع ہونے والے تازہ کریک ڈاؤن کی شدید مذمت کی گئی
پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی نے الزام عائد کیا ہے کہ چیئرمین عمران خان کو دورانِ حراست مسلسل انتقام اور بدسلوکی کا نشانہ بنایا جارہا ہے جس کی وجہ سے عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہورہا ہے۔
پاکستان تحریک انصاف کی کور کمیٹی کا اجلاس وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی کی زیر صدارت ہوا، جس میں عمران خان کی گرفتاری اور کارکنان کے خلاف شروع ہونے والے تازہ کریک ڈاؤن کی شدید مذمت کی گئی۔ علاوہ ازیں کور کمیٹی نے سپریم کورٹ کے ریویو اینڈ ججمنٹس کیس کے فیصلے کے بعد کی صورت حال پر بھی غور کیا۔
اعلامیے کے مطابق کور کمیٹی نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف کو دورانِ قید مسلسل انتقام اور بد سلوکی کا نشانہ بنانے کی مذمت کرتے ہوئے انہیں فوری طور پر اڈیالہ جیل منتقل کرنے کا مطالبہ کیا۔
کور کمیٹی نے کہا کہ چیئرمین عمران خان کیخلاف جاری انتقامی سلسلے پر عوام کے صبر کا پیمانہ لبریز ہورہا ہے، چاہتے ہیں کہ چیئرمین عمران خان کو فراہمی انصاف میں تاخیر کے ذریعے قوم کو احتجاج پر نہ ابھارا جائے اور اُن کی درخواستِ ضمانت فوری سماعت کیلئے مقرر کیا جائے۔
پی ٹی آئی کور کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو فوری طور پر اٹک سے اڈیالہ جیل منتقل کیا جائے اور اُن کی صحت و سلامی سمیت جان کو لاحق خطرات کے پیش نظر انہیں گھر سے کھانا اور پانی منگوانے کی اجازت بھی دی جائے۔
اجلاس میں پاکستان تحریک انصاف کی جانب سے چودہ اگست کو بھرپور یومِ آزادی منانے کی تیاریوں کا جائزہ لیا گیا جبکہ اراکین نے پاکستان تحریک انصاف کو یومِ آزادی منانے سے روکنے کی حکومتی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہوئے کارکنان و قائدین کے خلاف شروع ہونے والے کریک ڈاؤن کی مذمت کی۔
اعلامیے میں ملک بھر میں تحریک انصاف کے جھنڈوں کی نمائش و فروخت پر غیر قانونی اور غیر اعلانیہ بندش پر بھی شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا گیا ہے کہ کارکنوں کو شر پسند عناصر کے مذموم عزائم پر نگاہ رکھتے ہوئے نہایت پرامن اور شاندار طریقے سے یومِ آزادی منائیں۔
اجلا س میں'' سپریم کورٹ ریویو آف ججمنٹ ایکٹ '' پر عدالتِ عظمی کے فیصلے کے خدوخال کا بھی جائزہ لیا گیا اور سپریم کورٹ کے فیصلے کو مؤثر قدم قرار دیا گیا۔
کورکمیٹی کے اراکین نے کہا کہ کرپشن اور ملک و قوم سے کھلواڑ کے ذمہ داروں کو قانون کی پناہ مہیا کرنے والی سوچ کو شکست ہوئی ہے، عدالت سے سزا یافتہ بھگوڑے نواز شریف کا ملکی سیاست میں کوئی مستقبل نہیں، سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد عوام کو ووٹ کے حق سے محروم کئے جانے کی کوششوں کو شدید دھچکا پہنچا ہے۔
اعلامیے میں مطالبہ کیا گیا ہے کہ عدالت عظمیٰ پنجاب اور خیبر پختونخوا میں انتخابات کے اپنے فیصلے کے ساتھ کئے جانے والے سلوک کی روشنی میں قومی انتخابات کو سازش و التواء کا شکار کرنے کی کوششوں کا بھی فوری نوٹس لے، عوام کے حقِ رائے دہی کو ریاستی سطح پر سلب کئے جانے کی بجائے انتخابات کے شفاف اور بروقت انعقاد کا اہتمام کیاجائے اور معزز عدالت نیب قانون میں ترامیم اور اس کی امتیازی حیثیت پر زیرِ سماعت درخواستوں پر بھی جلد فیصلہ صادر کرے۔