ملک بھر میں جیو اور جنگ کیخلاف احتجاجی ریلیاں اور مظاہروں کا سلسلہ جاری بندش کا مطالبہ

شرکا کا جیو کی سازش بے نقاب کرنے پر ’’ایکسپریس‘‘ سمیت دیگر میڈیا گروپس کو خراج تحسین


Numaindgan Express May 08, 2014
شرکا کا جیو کی سازش بے نقاب کرنے پر ’’ایکسپریس‘‘ سمیت دیگر میڈیا گروپس کو خراج تحسین۔ فوٹو : ایکسپریس/فائل

ملک بھر میں مختلف سیاسی، مذہبی وسماجی تنظیموں کی جانب سے فوج اور آئی ایس آئی کی حمایت جبکہ جنگ وجیو کیخلاف ریلیوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے، ریلیوں کے شرکاء جنگ وجیو کی بندش کیلئے سڑکوں پر سراپا احتجاج بنے رہے۔

ملتان میں مسلم لیگ(ق) انسانی حقوق ونگ پنجاب کے زیراہتمام چوک نواں شہر سے پریس کلب تک ریلی نکالی گئی۔ مقررین نے کہا کہ قومی اداروں کو بدنام کرنے والوں کو شرمندگی کے سوا کچھ نہیں ملا ہے۔یزمان میں ایوارڈ یافتہ شاعر نذر حسین آزاد نے اپنے خون سے جنگ' جیو نیوز اور چیف جسٹس آف پاکستان کو خطوط لکھے ہیں جس میں جنگ اور جیو نیوز کیطرف سے عسکری قیادت کو بدنام کرنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ انکا عمل وطن دشمنی اور بھارت دوستی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ خان پور میں مختلف سماجی وتاجر تنظیموں نے ریلوے سٹیشن سے ریلی نکالی جو چوک رازی پر جلسہ کی صورت اختیار کر گئی، شرکاء نے ہاتھ اٹھا کر جیو کو بند کرنے کی قرارداد منظور کی۔

مقررین نے کہا کہ پوری قوم پاک فوج اور آئی ایس آئی کیساتھ ہے، ہم ملک دشمن چینل جیو نیوز کی بندش کا اصولی مطالبہ کرتے ہیں، مقررین نے جیو نیوز کی سازش بے نقاب کرنے پر ''ایکسپریس'' سمیت دیگر میڈیا گروپس کو خراج تحسین پیش کیا۔ حیدر آباد میں فنکشنل لیگ کے کارکنوں نے مظاہرہ اور سیمینار منعقد کیا، جے یو آئی(ف) اور تحریک انصاف کے رہنمائوں نے بھی سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ آئی ایس آئی پر الزامات لگائے جانے کی تحقیقات کرائی جائیں اور ملوث افراد کو سزا دی جائے۔جمرود میں کوکی خیل قبائل نے پاک فوج کیساتھ اظہار یکجہتی کیلئے ریلی نکالی۔

شرکاء نے پلے کارڈ اور بینرز اٹھا رکھے تھے جس پر جیو جنگ گروپ پر تاحیات پابندی لگانے کے نعرے درج تھے۔ڈیرہ اللہ یار میں سنی تحریک اور منہاج القرآن نے جبکہ گنداواہ میں میر حسن لاشاری نے ریلیاں نکالیں۔ دیر لوئر میں اقلیتی برادری نے پاک فوج زندہ باد ریلی نکالی' اقلیتی رہنما سدیش کمار ودیگر نے کہا کہ پاک فوج اور آئی ایس آئی کو بدنام کرنے کی کوئی سازش کامیاب نہیں ہونے دینگے۔ علاوہ ازیں مرکزی جمعیت اہلحدیث کل گوندلانوالہ چوک سے پاک فوج زندہ باد موٹر سائیکل ریلی نکالے گی، مولانا مشتاق نے کہا کہ جنگ اور جیو گروپ کے تمام ادارے غیر معینہ مدت کیلئے بند کر دیئے جائیں۔ سخی سرور میں آل پاکستان مسلم لیگ کے زیراہتمام کل ریلی نکالی جائیگی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں