کیرتھر نیشنل پارک زمین کا ایک انچ بھی کسی کو نہ دیا جائے ہائیکورٹ

گرین ہاؤسنگ اسکیم بنانے سے جنگلی حیات اور قدرتی ماحول متاثر ہونیکا خدشہ ہے، درخواستگزار


کورٹ رپورٹر August 12, 2023
چیف سیکریٹری کی جانب سے جواب جمع نا کرانے پر چیف جسٹس برہم، ذاتی حیثیت میں طلب—فائل فوٹو

سندھ ہائیکورٹ نے ضلع ملیر میں کیرتھر نیشنل پارک کو ختم کرکے ہاؤسنگ اسکیم بنانے کیخلاف درخواست پر چیف سیکریٹری کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا۔

چیف جسٹس سندھ ہائیکورٹ جسٹس احمد علی شیخ کی سربراہی میں دو رکنی بینچ کے روبرو ضلع ملیر میں کیرتھر نیشنل پارک کو ختم کرکے ہاؤسنگ اسکیم بنانے کیخلاف درخواست پر سماعت ہوئی۔

درخواستگزار کے وکیل نے موقف دیا کہ کیرتھر نیشنل پارک کی زمین ایک بڑے بلڈر کے حوالے کی جارہی ہے، کیر تھر نیشنل پارک کی زمین پر گرین ہاؤسنگ اسکیم بنائی جارہی ہے، نیشنل پارک ختم ہونے سے نایاب جانور بھی ختم ہونے کا خدشہ ہے، ہاؤسنگ اسکیم سے جنگلی حیات اور قدرتی ماحول بری طرح متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

چیف سیکریٹری کی جانب سے جواب جمع نا کرانے پر چیف جسٹس برہم ہو گئے، عدالت نے چیف سیکریٹری کو ذاتی حیثیت میں طلب کرلیا، عدالت نے ریمارکس دیے کہ چیف سیکریٹری خود پیش ہوکر وضاحتی بیان دیں اور جواب جمع کرائیں، عدالت نے کیرتھر نیشنل پارک کی زمین بلڈر کو دینے کیخلاف حکم امتناع میں توسیع کردی۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ کیرتھر نیشنل پارک کی زمین کا انچ حصہ بھی کسی کو نہیں دیا جائے، عدالت نے سماعت اگست کے آخری ہفتے تک ملتوی کردی۔

تبصرے

کا جواب دے رہا ہے۔ X

ایکسپریس میڈیا گروپ اور اس کی پالیسی کا کمنٹس سے متفق ہونا ضروری نہیں۔

مقبول خبریں